اسرائیلی فوج کی بمباری میں حزب اللہ کے ترجمان محمد عفیف جاں بحق
بیروت (مانیٹرنگ ڈیسک)اسرائیلی فوج کیلبنان کے دارالحکومت بیروت میں فضائی بمباری سےحزب اللّٰہ کے ترجمان محمد عفیف جاں بحق ہو گئے۔عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل نے بیروت میں راس البنع پر فضائی حملے کیے، جس میں حزب اللّٰہ کے اعلیٰ میڈیا ریلیشنز افسر محمد عفیف جاں بحق ہوگئے ہیں۔محمد عفیف بیروت میں موجود کئی صحافیوں کیلئےحزب اللّٰہ کے مرکزی رابطہ افسر کے طور پر جانے جاتے تھے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق عفیف نہ صرف حزب اللّٰہ کے میڈیا پیغام کو مؤثر طریقے سے پہنچانے میں اہم کردار ادا کرتے تھے بلکہ وہ سابق حزب اللّٰہ سربراہ حسن نصراللّٰہ کے میڈیا امور کے مشیر بھی رہ چکے تھے۔ ماضی میں وہ المنار ٹی وی کے ڈائریکٹر جنرل بھی رہے اور انہیں لبنان میں صحافیوں کے حلقے میں ایک معتبر اور جانا پہچانا نام سمجھا جاتا تھا۔محمد عفیف اکثر جنوبی بیروت کے علاقے میں صحافیوں کو دورے کروانے اور حزب اللّٰہ کے پیغام کو عالمی میڈیا تک پہنچانے میں سرگرم رہتے تھے۔ حسن نصراللّٰہ کے انٹرویوز یا حزب اللّٰہ کی دیگر اہم خبریں عموماً انہی کی وساطت سے پہنچتی تھیں۔عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی افواج نے بیروت کے علاقے داحیہ پر بھی شدید بمباری کی ہے۔لبنانی حکام کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں لبنان پر 145 اسرائیلی حملے کیے گئے۔