ایئر انڈیا کا مسافر طیارہ کالی کٹ کے ہوائی اڈے پر حادثے کا شکار
انڈیا کی فضائی کمپنی ایئر انڈیا کا ایک مسافر طیارہ ملک کی جنوبی ریاست کیرالہ کے شہر کالی کٹ کے ہوائی اڈے پر اترتے ہوئے حادثے کا شکار ہو گیا ہے۔ابتدائی طور پر اس حادثے میں دو افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے جبکہ متعدد افراد زخمی ہیں۔
حادثے کا شکار ہونے والی پرواز جمعے کی شام دبئی سے کالی کٹ کے کوئیکوڈ ہوائی اڈے پہنچی تھی اور ایئر انڈیا کے ترجمان کے مطابق خراب موسم میں اترتے ہوئے طیارہ رن وے سے پھسل کر نیچے جا گرا۔
انڈین ذرائع ابلاغ پر دکھائے جانے والے مناظر میں بوئنگ 737 طیارے کو ٹکڑے ٹکڑے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
انڈین خبر رساں ادارے اے این آئی نے سول ایوی ایشن کے ڈائریکٹر جنرل کے حوالے سے خبر دی ہے کہ طیارہ لینڈنگ کے دوران رن وے پر رک نہیں سکا اور کھائی میں گر کر دو ٹکڑے ہو گیا۔
ان کا یھی کہنا تھا کہ جس وقت طیارہ ہوائی اڈے پر اترا تو حدِ نگاہ دو ہزار میٹر تھی۔ خیال رہے کہ کوئیکوڈ کے ہوائی اڈے کا رن وے ایک پہاڑی پر واقع ہے۔
حکام کے مطابق حادثے کے باوجود طیارے میں آگ نہیں لگی اور جائے حادثہ پر امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ایئر انڈیا کے ترجمان نے بتایا ہے کہ اس حادثے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ پولیس حکام نے دو افراد کی ہلاکت کی خبر دی ہے۔


