ڈونلڈ ٹرمپ کے ’کورونا ٹیسٹ‘ کے نتائج منفی آگئے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حوالے سے کچھ دن قبل خیریں سامنے آئی تھیں کہ ان میں بھی ’کورونا وائرس‘ کا خدشہ ہے، کیوں کہ بد قسمتی سے جن افراد سے انہوں نے گزشتہ چند ہفتوں کے دوران ملاقاتیں کی تھیں ان میں سے کچھ افراد بعد میں کورونا وائرس سے متاثر ہوگئے تھے۔
ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کرنے والے برازیلی صدر کے میڈیا ترجمان بعد ازاں کورونا وائرس کا شکار ہوگئے تھے جس کے بعد خدشہ کیا جا رہا تھا کہ شاید امریکی صدر بھی وائرس سے متاثر ہوئے ہوں، تاہم وائٹ ہاؤس نے ایسے خدشات کو مسترد کردیا تھا اور کہا تھا کہ صدارتی ہاؤس میں سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔
لیکن بعد ازاں ڈونلڈ ٹرمپ کے حوالے سے بہت زیادہ خدشات کیے جانے کے بعد امریکی صدر نے 14 مارچ کو اپنا ٹیسٹ کروایا تھا۔
امریکی صدر کی جانب سے کرائے گئے ٹیسٹ کے نتائج تقریبا 12 گھنٹے بعد آئے اور نتائج کا اعلان وائٹ ہاؤس کی جانب سے کیا گیا۔
برطانوی نشریاتی ادارے ’بی بی سی‘ نے اپنی رپورٹ میں وائٹ ہاؤس کے ترجمان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے کورونا ٹیسٹ کے نتائج منفی آئے ہیں اور ان سے متعلق کیے گئے تمام خدشات غلط ثابت ہوئے

۔
رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹیسٹ کے نتائج 15 مارچ کی صبح کو ہی وائٹ ہاؤس کو مل گئے تھے جس کے بعد صدارتی ہاؤس نے صدر کے ٹیسٹ کے نتائج کا اعلان کیا۔
وائٹ ہاؤس ترجمان کا کہنا تھا کہ اگرچہ ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں تاہم صدارتی ہاؤس میں پہلے سے ہی سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں اور امریکی صدر و نائب صدر سمیت ان کے اہل خانہ سے ملاقات کرنے والے افراد کا درجہ حرارت چیک کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں