زیارت ، قتل و اسلحہ برآمدگی کیس میں گرفتار چار ملزمان باعزت بری

زیارت(یو این اے )ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج زیارت عبدالعلی جلالزئی کی عدالت نے قتل اور اسلحہ برآمدگی کے تین الگ الگ مقدمات میں دکی سے تعلق رکھنے والے چار ملزمان کو عدم ثبوت کی بنیاد پر باعزت طور پر بری کرنے کا حکم دیا ہے۔ملزمان کے وکیل ایڈوکیٹ عبیداللہ کاکڑ نے کیس کی پیروی کی۔ بری ہونے والے ملزمان میں احسان اللہ، صدام خان، سلیم اللہ اور امیر جان شامل ہیں، جو دکی کے علاقے اندڑ کے رہائشی ہیں۔ ان پر قتل اور اسلحہ برآمدگی کے الزامات تھے، جن کی ایف آئی آر لیویز تھانہ سنجاوی میں درج کی گئی تھی۔مقدمہ نمبر 042024، 05/2024 اور 06/2024 کے تحت استغاثہ اور مدعی زین اللہ نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا۔ لیویز نے ملزمان کو گرفتار کر کے چالان عدالت میں پیش کیا تھا اور وہ گرفتاری کے وقت سے زیارت جیل میں تھے۔عدالت نے فریقین کے وکلا کی دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا، جس کے بعد عدالت نے ملزمان کو عدم ثبوت کی بنا پر باعزت بری کرنے کا حکم دیا۔ فیصلے کے بعد ملزمان کو زیارت جیل سے رہا کر دیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں