اورماڑہ ،نواحی علاقوں کےمتعدد اسکولز ٹیچرز کی کمی کے باعث مکمل طور پر بند

اورماڑہ(یو این اے )گورنمنٹ مڈل اسکول بسول سمیت اورماڑہ کے نواحی علاقوں کے تین اسکولز ٹیچرز کی کمی کے باعث مکمل طور پر بند ہوگئے ہیں، جس کے نتیجے میں تعلیمی سرگرمیاں معطل ہیں۔ وائس چیئرمین یونین کونسل تیرہ میر علم خان بزنجو نے حکام سے فوری طور پر ٹیچرز تعینات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق، اورماڑہ کے نواحی علاقے بسول میں واقع گورنمنٹ مڈل اسکول میں گزشتہ چھ ماہ سے تعلیم کا عمل بند ہے۔ اسی طرح اورماڑہ کے گاں ہڈ گوٹھ اور چِل گوٹھ میں گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکولوں میں بھی طویل عرصے سے تعلیمی سرگرمیاں معطل ہیں۔میر علم خان بزنجو نے بتایا کہ گورنمنٹ مڈل اسکول بسول میں تعلیم کا عمل رواں برس کی نصف تک جاری رہا تھا، مگر پھر ٹیچر کا اچانک تبادلہ کیا گیا اور اس کے بعد کوئی نیا ٹیچر تعینات نہیں کیا گیا جس سے اسکول مکمل طور پر بند ہوگیا۔ اس کے علاوہ ہڈ گوٹھ اور چِل گوٹھ میں بھی ٹیچر کی کمی کی وجہ سے گرلز پرائمری اسکول مکمل طور پر بند ہیں اور طالبات دیگر اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں۔وائس چیئرمین نے مزید کہا کہ انہوں نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کو اس مسئلے سے آگاہ کیا تھا مگر کوئی جواب نہیں آیا۔ انہوں نے چیئرمین ضلع کونسل گوادر سید معیار جان نوری سے اپیل کی کہ وہ اورماڑہ کے دیہی علاقوں میں بند اسکولوں کے حل کے لیے فوری طور پر اجلاس طلب کریں اور اس مسئلے کا مستقل حل نکالیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان اسکولوں میں فوری طور پر ٹیچرز تعینات کیے جائیں تاکہ تعلیمی سرگرمیاں دوبارہ شروع ہو سکیں اور طلبا کو تعلیم کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں