سندھ: کاروباری مراکز 8 اور ریسٹورانٹ 11 بجے کھولنے کی اجازت

حکومت سندھ نے کاروباری مراکز اور ریسٹورانٹس ہفتے میں چھ دن بالترتیب رات 8 بجے اور 11 بجے تک کھولنے کی اجازت دیدی۔
محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تمام کاروباری مراکز صبح 6 بجے سے کھولنے کی اجازت ہوگی۔اس کے علاوہ سینما، پارکس، گراؤنڈز، بیوٹی پارلرز بھی کھولے جاسکیں گے۔واضح رہے کہ ترجمان وزیرِ اعلیٰ ہاؤس نے کہا تھا کہ سندھ میں 10 اگست سے کاروباری، تجارتی اور صنعتی سرگرمیاں بحال کر دی جائیں گی۔عالمگیر وبا کورونا وائرس کے بعد ملک میں کاروباری، تعلیمی اور سماجی سرگرمیوں پر پابندی عائد کی گئی تھی جہاں سندھ حکومت نے 14 مارچ کو کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے پابندیاں عائد کی تھیں۔ترجمان وزیراعلیٰ ہاؤس کا کہنا تھا کہ آج سے تمام کاروباری اور تجارتی سرگرمیاں کی جاسکیں گی، جبکہ کاروباری اوقات کار بھی بڑھائے جائیں گے۔ترجمان کے مطابق کاروباری پابندیوں کے خاتمے کے ساتھ ایس اوپیز کا نفاذ ہوگا جبکہ شادی ہالز و تعلیمی اداروں سے متعلق فیصلہ آئندہ ماہ ہوگا۔دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) نے خبردار کیا ہے کہ محرم الحرام میں کورونا سے متعلق ضابطہ اخلاق پر عمل نہ کرنے سے کیسز بڑھ سکتے ہیں۔وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت اجلاس میں محرم الحرام سے متعلق اقدامات پر غور کیا گیا۔اس موقع پر وزیر مذہبی امور نے بتایا کہ کورونا سے متعلق جامع پروٹوکول کے لیے علماء سے مدد لی جارہی ہے۔ملک میں ایک روز کے دوران کورونا سے مزید پندرہ افراد انتقال کرگئے ، مزید 541 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں