میڈیکل کالجز کیلئے ہونے والے داخلہ ٹیسٹ کے نتائج منسوخ کئے جائیں ،شکیلہ نوید دہوار

کوئٹہ (آن لائن) بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی خواتین سیکرٹری و سابق رکن صوبائی اسمبلی شکیلہ نوید دہوار نے کہا ہے کہ میڈیکل کالجز میں داخلوں کے لئے ہونے والے ٹیسٹ کے نتائج کو منسوخ کرکے ٹیسٹ دوبارہ لیا جائے،اپنے بیان میں انہوں نے مزید کہاہے کہ 22 ستمبر 2024 کو پی ڈی ایم سی کے زیر اہتمام میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز میں داخلہ کیلئے ہونے والے ٹیسٹ میں بے ضابطگیاں ہوئیں بلوچستان سے 9000 طلبا نے میڈیکل کالجز میں داخلوں کیلئے ٹیسٹ دیا جس میں سے 3000 سے زائد طلبا ٹیسٹ کیلئے اسلام آباد گئے اور باقی 5600 طلبا نے بلوچستان میں ٹیسٹ دیا، دونوں مقامات پر ٹیسٹوں کے سوالات پی ایم ڈی سی کے نصاب سے ہٹ کر تھے، جس کے خلاف اسلام آباد کے طلبا نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں کیس دائر کیا جبکہ یونیورسٹی نے انہیں 6 گریس مارکس دیئے اس کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ نے فیصلہ دیا کہ اسلام آباد میں ٹیسٹ دینے والے طلبا کا ٹیسٹ نہ صرف دوبارہ لیا جائے بلکہ ان کا پرانا رزلٹ جس میں 6 گریس مارکس مل چکے ہیں وہ بھی میرٹ لسٹ کے لئے درست ہوں گے، اس کے برعکس کوئٹہ میں ٹیسٹ دینے والے امیدواروں کیساتھ نہ صرف سوتیلی ماں جیسا سلوک روارکھا جارہا ہے بلکہ ان کے اعتراضات کو بھی مسلسل نظر انداز کیا جارہا ہے،ایسے حربے استعمال کرکے بلوچستان کے طلبا پر تعلیم کے دروازے بند کئے جارہے ہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ میڈیکل کالجز میں داخلوں کے لئے ہونے والے ٹیسٹ کے نتائج کو منسوخ کرکے ٹیسٹ دوبارہ لیا جائے،انہوں نے متاثرہ طلبا کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ حکومت کے تعلیم دشمن رویہ کیخلاف بلوچستان نیشنل پارٹی طلبا کی احتجاجی تحریک اور مطالبات کی منظوری تک صف اول میں شامل ہوکر ان کے شانہ بشانہ جدوجہد کریگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں