عبدالخالق ہزارہ پر قاتلانہ حملے کی آزادانہ ،شفاف تحقیقات کرکے عوام کو حقائق سے آگاہ کیا جائے،ایچ ڈی پی
کوئٹہ(این این آئی)ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی بیان میں چیئرمین عبدالخالق ہزارہ اور انکے اہل خانہ پر قاتلانہ حملے میں ملوث مجرم کے جرم کو ناقابل معافی، تمام تر قومی و قبائلی اقدار و روایات کے منافی اقدام قرار دیتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تفتیش کے عمل میں تمام پہلووں کو مدنظر رکھ تحقیقات کرنے کی توقع کی گئی۔ بیان میں کہا گیا کہ مجرم کے بیان کو حتمی تصور کرکے مزید تفتیش نہ کرنے کا عمل اصل حقائق کو چھپانے کی سازش تصور ہوگی اور پارٹی یہ سوچنے پر مجبور ہوگی کہ دانستہ طور پر مجرم کے اصل جرم پر پردہ ڈالنے کی کوشش در اصل مجرم کو فائدہ پہنچانے کیلئے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت انجام پارہا ہے۔ بیان میں کہا گیا اگر چئیرمین عبدالخالق ہزارہ دلیری و بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا اور اپنے اہل خانہ کا دفاع نہ کرتے تو ممکن تھا کہ مجرم اپنے کسی گھناونے مقصد میں کامیاب ہوجاتے اورچیئرمین یا انکے اہل خانہ کے کسی فرد کو کسی طرح کے شدید نقصان سے دوچار ہونا پڑتا۔ بیان میں کہا گیا کہ انصاف کی سربلندی، عوام کو تحفظ کا احساس دلانے اور ہر طرح کے جرائم کی بیخ کنی و حوصلہ شکنی کیلئے ضروری ہے کہ آزادانہ، شفاف اور ہر طرح کے دباو سے پاک انکوائری کرکے عوام کو حقائق سے آگاہ کیا جائے اور مجرم کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے تمام تر قانونی اقدامات و کاروائی قانون و انصاف کی سربلندی کیلئے ضروری ہے اس دوران چیئرمین عبدالخالق ہزارہ کی عیادت کا سلسلہ جاری رہا سیاسی رہنماوں، سماجی کارکن، پارٹی کی شعبہ خواتین، ہزارہ اسٹوڈنٹس فیڈریشن، پارٹی کارکنان، کوئٹہ شہر کے معززین، اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں انکی رہائش گاہ آکر انکی مزاج پرسی کی اور انکی جلد صحت یابی کیلئے دعا مانگی۔