میری حکومت انقلابی اقدامات کے ذریعے نوجوان کو باصلاحیت بنانے کے اقدامات کررہی ہیں، شہباز شر یف
اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دولت مشترکہ ممالک کا مستقبل نوجوانوں پر منحصر ہے، دولت مشترکہ کےرکن ممالک کی60فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر ہے، ہمیں نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنا ہے۔اسلام آباد میں دولت مشترکہ ایشیا یوتھ الائنس سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ دولت مشترکہ ایشیا یوتھ الائنس سمٹ کی میزبانی پر خوشی ہے، حکومت اور عوام کی طرف سے شرکا کو خوش آمدید کہتا ہوں، پاکستان بانی رکن ہونے کی حیثیت سے دولت مشترکہ اور اس کے اداروں کی اہمیت کو تسلیم کرتا ہے، دولت مشترکہ رکن ممالک کےدرمیان بہترین شراکت داری کاپلیٹ فارم ہے۔انہوں نے کہا کہ دولت مشترکہ کے رکن ممالک کی 60 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر ہے، دولت مشترکہ ممالک کا مستقبل نوجوانوں پر منحصر ہے، ہمیں نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنا ہے، نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور فنی تعلیم سے آراستہ کرنا ہے، نوجوان پرامن اور خوشحال مستقبل کی ضمانت ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی آبادی کا 70 فیصد 30 سال سے کم عمر نوجوانوں پر مشتمل ہے اور ہم پوری طرح سے اس صلاحیت کا ادراک رکھتے ہیں اور حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ یہ ایسا چیلنج ہے جسے باآسانی عظیم مواقع میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ نوجوان صرف مستقبل کے رہنما ہی نہیں بلکہ وہ آج تبدیلی لانے والے بھی ہیں، یہ اہم ہے کہ ہم انہیں ایسے پلیٹ فارم، مواقع اور صلاحیتیں مہیا کریں کہ وہ قوم کی تعمیر اور فیصلہ سازی میں اپنا حصہ ڈال سکیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کے آئیڈیاز اور توانائی ہمارے لیے مشعل راہ بن سکیں۔انہوں نے کہا کہ قوموں کی تعمیر میں نوجوان کے کردار کو کسی صورت انکار نہیں کیا جاسکتا، یہی وجہ ہے کہ میں نے ہمیشہ نوجوانوں کے تعمیری استعمال کو سب سے زیادہ اہمیت دی ہے، اپنی 40 سالہ سیاسی زندگی میں اس مقصد کے حصول کے لیے میں نے ہمیشہ سنجیدہ کوششیں کی ہیں اور قوم کی تعمیرکے اپنے مشن اور غیرمتزلزل عزم کی تکمیل کے لیے نوجوان اور تعمیری ہاتھوں کا استعمال کیا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ میری حکومت انقلابی اقدامات کے ذریعے نوجوان کو باصلاحیت بنانے کے اقدامات کررہی ہیں، 2011 سے جاری ہمارا فلیگ شپ یوتھ پروگرام ناصرف پنجاب بلکہ ملک بھر میں لاکھوںنوجوان بچوں اور بچیوں کو بااختیار بناچکا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ میں نے بطور خادم پنجاب اور اس وقت کے وزیر اعظم میاں نوازشریف نے لاکھوں نوجوانوں کو اپنے خاندانوں پر بوجھ بننے کے بجائے ان کفیل بنایا ہے، اس موقع پر وزیراعظم نے پنجاب انڈوومنٹ فنڈ اور دانش اسکولوں کی مثال بھی دی۔وزیراعظم نے کہا کہ یوتھ پروگرام کے تحت ہم نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 6 لاکھ نوجوانوں کو لیپ ٹاپ مہیا کیے ہیں، جو کہ غریب گھرانوں سے تعلق رکھتے تھے مگر ذہنی طور پر وہ بہت اسمارٹ تھے اور یہ لیپ ٹاپ کورونا کے دوران یہ تعلیم کے حصول کا اہم ذریعہ بنے، یہ لیپ ٹاپ ان کی سخت محنتوں کے ذریعے روزگار کا ذریعہ بنے۔