بلوچستان میں قیادت کا فیصلہ پارٹی کرے گی، ہم ہمیشہ جیالے رہیں گے، میر چنگیز خان جمالی

اوستا محمد(یو این اے )پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق صوبائی صدر اور سابق وفاقی وزیر میر چنگیز خان جمالی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی بلوچستان کی سب سے بڑی جماعت ہے اور قیادت کا کام ہے کہ وہ جسے چاہے صدر مقرر کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے دور میں پارٹی کے لیے نیک نیتی سے کام کیا اور ہمیشہ جیالا بن کر پارٹی کی خدمت کی۔یہ باتیں انہوں نے پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق ایم پی اے میر حیدر علی جمالی کے صاحبزادے میر مجتبی خان جمالی کے ولیمہ کے موقع پر سینئر صحافی علی مردان جمالی سے گفتگو کرتے ہوئے کہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کی قیادت جسے بھی بلوچستان کا صدر یا جنرل سیکریٹری مقرر کرے، وہ اس کا مکمل اختیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پیپلز پارٹی کے جیالے ہیں اور ہمیشہ رہیں گے کیونکہ یہ شہیدوں کی جماعت ہے، عوام اس سے محبت کرتے ہیں۔میر چنگیز خان جمالی نے کہا کہ بلوچستان میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے اور ان شا اللہ آئندہ پانچ سال میں بہتر کارکردگی کے ذریعے عوام میں پارٹی کے لیے مزید جوش و جذبہ پیدا کیا جائے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بلوچستان میں پارٹی کے لیے محبت مزید بڑھے گی اور عوامی اعتماد میں اضافہ ہوگا۔