کوئٹہ ،پرانی اور خستہ حال لوکل بسوں کے خلاف کریک ڈان، 25 گاڑیاں تحویل میں لے لی گئیں

کوئٹہ(یو این اے )شہر میں ناقص اور خستہ حال بسوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈان کا آغاز کر دیا گیا، جس کے تحت 25 غیر معیاری بسیں تحویل میں لے لی گئیں۔ اس مہم کے دوران آر ٹی اے (ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی) کے چیئرمین کی جانب سے 370 سے زائد لوکل بسوں میں سے 197 کمرشل گاڑیوں کے روٹ پرمٹ منسوخ کر دیے گئے ہیں۔ایس ایس پی ٹریفک بہرام خان مندوخیل نے کہا کہ خستہ حال اور ان فٹ بسوں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی تاکہ شہریوں کو محفوظ سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ:شہر میں ٹریفک کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔غیر قانونی گاڑیوں، کم عمر ڈرائیوروں اور بغیر لائسنس چلنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ہر شہری اور سڑک پر آنے والے ہر ڈرائیور کے جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔حکام کے مطابق اس کارروائی کا مقصد ٹریفک حادثات کی روک تھام، سڑکوں پر غیر معیاری گاڑیوں کی تعداد میں کمی اور شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔ شہریوں نے ٹریفک پولیس کی اس مہم کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا کہ یہ کارروائیاں مستقل بنیادوں پر جاری رکھی جائیں تاکہ کوئٹہ میں ٹریفک کا نظام مزید بہتر بنایا جا سکے۔