جماعت کی صوبائی قیادت کے ساتھ ملکر بلوچستان کے عوام کی ہر ممکن خدمت کریں گے، مولانا فضل الرحمن
کوئٹہ / اسلام آباد (آن لائن) جمعیت علماءاسلام کے مرکزی امیر رکن قومی اسمبلی مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ جماعت بلوچستان کی قیادت کے ساتھ ملکر بلوچستان کے عوام کی ہر ممکن خدمت کریں گے اور بلوچستان کے مسائل کے حل کو یقینی بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئی جی پولیس گلگت بلتستان اور سابق ایڈیشنل آئی جی پولیس بلوچستان ڈاکٹر مجیب الرحمان کی جمعیت علماءاسلام میں شامل ہونے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر مرکزی سیکرٹری جنرل ورکن قومی اسمبلی مولانا عبد الغفور حیدری،امیر جمعیت علماءاسلام بلوچستان و سینیٹر مولانا عبدالواسع، صوبائی جنرل سیکرٹری سابق رکن قومی اسمبلی آغا سید محمود شاہ ،مرکزی مالیات سیکرٹری مولانا صلاح الدین ایوبی، رکن صوبائی اسمبلی اصغر خان ترین،حاجی نعمت ادوزئی سمیت دیگر رہنماءبھی موجود تھے۔ سربراہ جے یوآئی مولانا فضل الرحمان نے ڈاکٹر مجیب الرحمن کو جماعت میں شمولیت اختیار کرنے پر خوش آمدید کہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ جماعت کی مضبوطی، فعالیت میں اپنا موثر کردار ادا کریں گے اور وہ جماعت میں شامل ہوکر جے یوآئی بلوچستان کی قیادت کے ساتھ ملکر بلوچستان کے عوام کی ہر ممکن خدمت کریں گے۔


