ایران پاکستانیوں کادوسرا گھر، پرامن نیوکلیئر پروگرام کےلیے ایران کی حمایت کرتے ہیں، شہباز شریف

ویب ڈیسک : وزیراعظم شہباز شریف کی ایران کے رہبرِ اعلیٰ آیت اللّٰہ خامنہ ای سے تہران میں ملاقات ہوئی، ایران کی حمایت پر وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی سپریم لیڈر سے اظہار تشکر کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کی جارحیت اور توسیع پسندانہ عزائم پر بریفنگ دی، ملاقات میں پاک ایران اسٹریٹجک تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آیت اللّٰہ خامنہ ای مسلم دنیا کی ایک عظیم شخصیت ہیں، امتِ مسلمہ آیت اللّٰہ خامنہ ای کی رہنمائی اور سرپرستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔اعلامیے کے مطابق وزیرِ اعظم نے ایرانی سپریم لیڈر کو بھارت کی توسیع پسندانہ عزائم سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ خطے میں امن کا خواہاں رہا ہے، پاکستان ایران کے ساتھ تذویراتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کےلیے پرعزم ہے۔تہران پہنچنے پر وزیراعظم کا ایرانی وزیر داخلہ اور ایران کے پاکستان میں سفیر نے استقبال کیا۔ ہوائی اڈے پر وزیراعظم کو ایرانی فوج کے چاک و چوبند دستے نے سلامی بھی پیش کی۔ایرانی صدر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایران پاکستانیوں کےلیے دوسرا گھر ہے، برادر ملک ایران کا دورہ کرکے دلی مسرت ہوئی، ایرانی صدر کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر بات ہوئی، تجارت، سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا، مسعود پزشکیان نے ٹیلیفون کرکے خطے میں کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا، پاکستانی عوام کےلیے ان کے جذبات پر مشکور ہوں۔شہباز شریف نے کہا کہ ہماری بہادر مسلح افواج نے دلیرانہ کارروائی کی، پاکستان پر امن ملک ہے، خطے میں امن و سلامتی چاہتا ہے، امن کی خاطر بات چیت کے لیے تیار ہیں، پانی کے مسئلے، انسداد دہشتگردی کے معاملے پر بات چیت کے لیے تیار ہیں، جارحیت ہوگی تو ہم اس کا بھرپور جواب دیں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ مسئلہ کشمیر سمیت، تمام تنازعات بات چیت کے ذریعےحل کرنا چاہتے ہیں، ہم امن چاہتے ہیں اور خطے میں امن کے لیے کام کریں گے۔انہوں نے کہا کہ غزہ کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے، 50 ہزار سے زائد لوگ شہید ہوگئے، وقت کاتقاضہ ہے کہ عالمی برادری غزہ میں فوری، دیرپا جنگ بندی یقینی بنائے، پاکستان اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ایرانی صدر نے کہا کہ او آئی سی کے پلیٹ فارم پر پاکستان اور ایران کا موقف یکساں ہے، وزیراعظم شہباز شریف سے معیشت سیاست سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر بات ہوئی ، سرحدی علاقے میں انسداد دہشتگردی کیلئے دو طرفہ قریبی تعاون ضروری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں