بلوچستان،29 ہزار زرعی ٹیوب ویلز کی شمسی توانائی پر منتقلی ،فزیبیلٹی کا کام آئند ہ ماہ شروع
اسلام آبادۛ بلوچستان میں 29 ہزار زرعی ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کیلئے فزیبیلٹی رپورٹ کی تیاری کا کام اگلے ماہ شروع کیا جائے گا،منصوبے کیلئے فنڈز کی فراہمی کے سلسلے میں سعودی کمپنی کے ساتھ مذاکرات کیے جارہے ہیں۔وزارت پانی و بجلی کی جانب سے دستیاب دستاویزات کے مطابق بلوچستان میں آبپاشی کیلئے نصب 29ہزار ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کیلئے وزارت پانی و بجلی اور سعودی کمپنی اکوا کے مابین مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے اور منصوبے کی فزیبیلیٹی رپورٹ تیار کرنے کی ذمہ داری جرمن کنسلٹنٹ کو دی گئی ہے جو اگلے ماہ سے اس پر کام شروع کردے گی دستاویزات کے مطابق بجلی پر چلنے والے ان ٹیوب ویلز کے مالکان نے بل ادا نہیں کئے ہیں اور اب فیصلہ کیا گیا ہے کہ 75ہزار روپے تک ماہانہ بجلی بل کی ادائیگی میں وفاقی حکومت 40فیصد جبکہ صوبائی حکومت 60فیصد ادا کرے گی جبکہ 75ہزار سے زائد رقم کی صورت میں اضافی رقم کی ادائیگی کی ذمہ داری بجلی صارف پر ہوگی۔ دستاویزات کے مطابق بلوچستان میں زیر زمین پانی کی سطح پر کمی سے پیدا ہونے والے صورتحال کو بھی فزیبیلیٹی رپورٹ میں شامل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔


