پاکستان کو اسلامی جمہوری ریاست بنانے کی جدوجہد جاری رکھیں گے، مولانا
ویب ڈیسک: راولپنڈی میں شمولیتی پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جے یوآئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان کو اسلامی جمہوری ریاست بنانے کی جدوجہد جاری رکھیں گے، ہم نے آئین کو اسلامی بنانے کے لیے ہرفورم پرآوازبلند کی، یہ وطن اسلام کے نام پر حاصل کیا، اس کی نظریاتی بنیادوں پر سمجھوتہ نہیں ہوگا، پاکستان میں مخصوص لابی مذہبی اقدار کو کمزور کرنا چاہتی ہے۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم پاکستان میں آئین و قانون کی بالادستی چاہتے ہیں، ختم نبوت کے معاملے پر سپریم کورٹ کو مؤقف بدلنے پر مجبور کیا، دنیا بھر میں مذہب کی توہین کی جا رہی ہے، اس پر عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی نے عوام کا جینا محال کردیا ہے، معیشت کا دھڑن تختہ ہو چکا، ہمسایہ ممالک ترقی کر رہے ہیں، پاکستان معاشی بحران میں ڈوبا ہوا ہے، عام آدمی کی زندگی میں تبدیلی لائے بغیر بہتری ممکن نہیں۔مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ فرخ کھوکھر کی جے یو آئی میں شمولیت خوش آئند ہے، ان کی شمولیت سے جماعت کا قافلہ مزید مضبوط ہوگا اور دین اسلام کے فروغ میں تقویت ملے گی۔


