بولان، شاہراہ پرٹریفک حادثہ، موٹر سائیکل سوار میاں بیوی جاں بحق، بیٹا زخمی
مچھ (آن لائن) بولان قومی شاہراہ پر چھٹرک بی بی نانی کے مقام پر افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جس میں موٹر سائیکل سوار میاں بیوی موقع پر جاں بحق جبکہ ان کا تین سالہ بیٹا حسنین شدید زخمی ہوگیا تفصیلات کے مطابق سلطان ولد شیر محمد اپنی اہلیہ اور کمسن بیٹے کے ہمراہ موٹر سائیکل پر سفر کر رہے تھے کہ اچانک پیش آنے والے حادثے نے دونوں کی جان لے لی۔ زخمی حسنین کو فوری طور پر سول ہسپتال مچھ منتقل کیا گیا ایم ایس سول ہسپتال مچھ ڈاکٹر مشتاق احمد ابڑو کے مطابق ضابطے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کردی گئیں، جبکہ زخمی بچے کو مزید طبی امداد کے لیے کوئٹہ ریفر کیا گیا لیویز ذرائع کے مطابق حادثے کی ذمہ داری کے تعین کے لیے مسافر ویگن اور کار سواروں کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی گئی ہے، تاہم تاحال یہ واضح نہیں ہوسکا کہ مقتولین کو کس نے کچلا علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ بولان قومی شاہراہ پر آئے روز حادثات کے باعث انسانی جانیں ضائع ہو رہی ہیں اور جنازے اٹھائے جا رہے ہیں، اس المناک صورتحال پر حکام کو فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔


