بگرام ایئر بیس واپس نہ کیا تو بہت برا ہوگا، ٹرمپ کی دھمکی، ایک انچ زمین بھی کسی کو نہیں دیں گے، افغان حکومت
کراچی (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بگرام ایئر بیس واپس نہ دینے کی صورت میں افغانستان کی طالبان حکومت کو سزا دینے کی دھمکی دی ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے سنیچر کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹرتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں کہا ہے کہ اگر افغانستان بگرام ایئربیس اس کے بنانے والے (یعنی امریکہ) کو واپس نہیں کرے گا، تو بری چیزیں پیش آئیں گی۔ امریکی صدر کی جانب سے افغانستان کو یہ مبہم دھمکی ان کی جانب سے بگرام ایئربیس واپس لینے کی کوششوں کے اظہار کے چند دن بعد سامنے آئی ہے۔ علاوہ ازیں افغانستان کی حکومت نے بگرام ایئر بیس کو دوبارہ حاصل کرنے کی امریکی دھمکیوں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ، اگر امریکا کو ہمارے اڈے واپس چاہئیں تو ہم اس سے اگلے 20 سال مزید لڑنے کے لیے تیار ہیں، بیرونی فوج کی موجودگی بحال کرنے کی کسی بھی کوشش کی صورت میں سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑے گا۔ یہ پیش رفت امریکی صدر کی جانب سے بگرام ایئربیس واپس نہ کرنے کی صورت میں افغانستان کو دی گئی سنگین نتائج کی دھمکی کے بعد سامنے آئی ہے۔ چینی خبر رساں ادارے شنوا کی رپورٹ کے مطابق افغان وزیر دفاع محمد یعقوب مجاہد نے میڈیا سے گفتگو میں اس اسٹریٹجک ایئربیس کو دوبارہ حاصل کرنے کی خواہش کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ’ہمارا جواب یہ ہے کہ اگر آپ واپس آنا اور اڈے لینا چاہتے ہیں تو ہم آپ کے خلاف اگلے 20 سال تک لڑنے کے لیے تیار ہیں۔ خبر رساں اداروں رائٹرز اور اے ایف پی کے مطابق اتوار کو افغانستان کی وزارتِ دفاع کے چیف آف اسٹاف فصیح الدین فطرت نے مقامی میڈیا پر نشر ہونے والے اپنے بیان میں کہا کہ حال ہی میں کچھ لوگوں نے کہا ہے کہ وہ افغانستان سے بگرام ایئربیس واپس لینے کے لیے مذاکرات کر رہے ہیں، افغانستان کی سرزمین کا ایک انچ بھی کسی کے حوالے کرنے کا کوئی معاہدہ ممکن نہیں، ہمیں اس کی ضرورت نہیں۔


