اورماڑہ کی سمندری حدود میں کشتی ڈوب گئی، ماہی گیروں نے ڈوبنے والے تین افراد کو بچا لیا
پسنی (نامہ نگار) اورماڑہ میں کشتی حادثہ باپ اور دو بیٹے معجزانہ طور پر بچ گئے، اورماڑہ کی سمندری حدود میں ایک افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب مچھلی کے شکار کے دوران ایک کشتی سمندر کی طاقتور لہروں کی زد میں آ کر چٹانوں کے قریب ڈوب گئی۔ کشتی میں سوار تینوں ماہی گیر باپ اور اس کے دو بیٹوں کو قریب موجود ماہی گیروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بحفاظت بچا لیا،تفصیلات کے مطابق مقامی ناخدا حمید اللہ اپنے دو بیٹوں کے ہمراہ اورماڑہ پہاڑی کے عقب میں واقع چٹانی علاقے میں شکار کر رہے تھے کہ اچانک سمندر میں اٹھنے والی بلند لہروں کے باعث ان کی کشتی الٹ گئی اور پانی میں ڈوب گئی،واقعے کے فوراً بعد قریبی ماہی گیر موقع پر پہنچے اور جرات مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تینوں افراد کو بحفاظت پانی سے نکال لیا۔ تمام متاثرہ افراد کو فوری طور پر ساحل پر واقع ایک محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کی ابتدائی طبی دیکھ بھال کی گئی،خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔


