جنوبی وزیرستان کے سرحدی علاقے انگور اڈہ پر جدید نظام سے لیس بارڈر ٹرمینل کی تعمیر مکمل کرلی گئی
جنوبی وزیرستان (آن لائن) : نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن (این ایل سی) نے جنوبی وزیرستان کے سرحدی علاقے انگور اڈہ پر بارڈر ٹرمینل کی تعمیر مکمل کر لی ہے، جو کہ مقامی قبائل کے دیرینہ مطالبے کی تکمیل ہے۔ اس ٹرمینل کو 30 دن کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا، حالانکہ اس علاقے میں سخت مشکلات اور بنیادی انفراسٹرکچر کی کمی کے باوجود این ایل سی نے اس منصوبے کو کامیابی کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچایا۔انگور اڈہ بارڈر ٹرمینل جدید انفراسٹرکچر اور ڈیجیٹل نظام سے لیس ہے، جس سے نہ صرف مقامی قبائل کی زندگی میں سہولت آئے گی بلکہ یہ خطے کی اقتصادی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ ٹرمینل میں کسٹمز، ایف آئی اے، پلانٹ پروٹیکشن اور دیگر اہم محکموں کے دفاتر اور رہائشی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔این ایل سی نے اس منصوبے کے لیے مقامی ہنر مندوں کی خدمات حاصل کیں، جس سے مقامی معیشت میں بھی بہتری آئے گی۔ انگور اڈہ ٹرمینل کی تکمیل سے مقامی پیداوار کو مختصر اور آسان راستوں کے ذریعے افغانستان اور دیگر ہمسایہ ممالک میں برآمد کرنے کے امکانات پیدا ہو گئے ہیں، جو کہ جنوبی وزیرستان کے عوام کے لیے ایک اہم اقتصادی موقع ثابت ہوگا۔یہ ٹرمینل نہ صرف مقامی معیشت کو مستحکم کرے گا بلکہ خطے کی سماجی اور اقتصادی ترقی کو بھی مزید تقویت دے گا۔


