چاغی اور تربت میں ایم ایٹ شاہراہ پر دو الگ حادثات، لیڈی ڈاکٹر سمیت 3 افراد جاں بحق، 5 زخمی
چاغی ،تربت (یو این اے )چاغی اور تربت میں ایم ایٹ شاہراہ پر دو الگ الگ ٹریفک حادثات پیش آئے جن میں لیڈی ڈاکٹر سمیت 3 افراد جاں بحق جبکہ 5 افراد زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق چاغی کے علاقے کیشنگی کے مقام پر کوئٹہ سے دالبندین جانے والی ڈاکٹروں کی گاڑی تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی جس کے نتیجے میں پرنس فہد اسپتال سے وابستہ لیڈی ڈاکٹر سمیرہ ایاز موقع پر جاں بحق ہوگئیں، جبکہ ڈاکٹر وسیم باری، ان کی اہلیہ اور دو دیگر افراد شدید زخمی ہوئے۔ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو نوشکی ٹیچنگ اسپتال منتقل کیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد انہیں کوئٹہ ریفر کردیا گیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق، ڈاکٹر سمیرہ ایاز چھٹی کے بعد دالبندین ڈیوٹی کے لیے واپس جا رہی تھیں کہ حادثہ پیش آیا۔دوسری جانب محکمہ صحت بلوچستان اور پرنس فہد اسپتال انتظامیہ نے ڈاکٹر سمیرہ ایاز کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحومہ ایک فرض شناس اور باصلاحیت ڈاکٹر تھیں جن کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔دوسرے حادثے میں تربت کے علاقے ہیرونک میں ایم ایٹ شاہراہ پر ایک تیز رفتار کار سڑک سے پھسل کر کھائی میں جاگری، جس کے نتیجے میں دو خواتین جاں بحق اور تین افراد زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق جاں بحق خواتین کی شناخت لائبہ دختر مراد حاصل اور رئسیانہ زوجہ مراد حاصل کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمیوں میں خدا بخش، فیروزہ اور مراد حاصل شامل ہیں۔ حادثے میں گاڑی کا ڈرائیور رفیق ولد دل مراد محفوظ رہا۔عینی شاہدین کے مطابق دونوں حادثات کی بڑی وجہ تیز رفتاری اور شاہراہ کی خستہ حالی بتائی گئی ہے۔ عوامی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایم ایٹ شاہراہ کی فوری مرمت کرائی جائے تاکہ مزید قیمتی جانوں کا ضیاع نہ ہو۔


