بلوچستان میں دفعہ 144 کے تحت موٹرسائیکل کی ڈبل سواری اور چہرہ ڈھانپنے پر 30 نومبر تک پابندی عائد

کوئٹہ (این این آئی )بلوچستان حکومت نے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے موٹرسائیکل کی ڈبل سواری، عوامی مقامات پر چہرہ چھپانے، سیاہ شیشوں اور غیر رجسٹرڈ موٹرسائیکل کے استعمال ممنوع قرار دینے سمیت متعدد نئی پابندیاں عائد کردی ہیں۔بلوچستان کے محکمہ داخلہ کے جاری کردہ نوٹیفیکشن میں کہا ہے کہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے یہ پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔محکمہ داخلہ بلوچستان نے پانچ نومبر 2025 کے نوٹیفکیشن میں جزوی ترمیم کرتے ہوئے یہ نئی پابندیاں لگائی ہیں جو 30 نومبر تک نافذ رہیں گی اس سے قبل پانچ نومبر کے نوٹیفکیشن میں صرف اجتماعات اور اسلحے کی نمائش پر پابندی لگائی گئی تھی۔ترمیم شدہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ’صوبے بھر میں ہتھیاروں کی نمائش اور استعمال، موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر مکمل پابندی ہو گی تاہم خواتین اور بچوں کو استثنیٰ حاصل ہو گا۔’گاڑیوں کے سیاہ شیشے، غیر رجسٹرڈ موٹر سائیکلوں اور پانچ یا اس سے زائد افراد کے اجتماعات، دھرنوں یا ریلیوں پر بھی مکمل پابندی ہو گی۔‘حکم نامے کے مطابق عوامی مقامات پر چہرہ چھپانے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے خاص طور پر مفلر، ماسک یا ایسے کسی بھی ذریعے کے استعمال پر جو شناخت میں رکاوٹ بنے۔ اس کے علاوہ صوبے میں سلفیورک ایسڈ اور دھماکا خیز مواد منتقل کرنے پر بھی مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔محکمہ داخلہ نے تمام پولیس، لیویز اور فرنٹیئر کور اہلکاروں کو ہدایت کی ہے کہ اس حکم پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 188 اور دیگر قانونی دفعات کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنرز کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر عمل درآمد کی رپورٹ محکمہ داخلہ کو ارسال کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں