بلوچستان میں گیس بحران، مچھ میں پائپ لائن کی مرمت تیسرے روز بھی مکمل نہ ہو سکی
کوئٹہ(یو این اے )بلوچستان کے مختلف اضلاع میں گیس بحران شدت اختیار کر گیا ہے، مچھ کے قریب 18 انچ قطر کی مرکزی گیس پائپ لائن میں خرابی کے باعث تیسرے روز بھی گیس کی فراہمی معطل ہے۔ سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام کی جانب سے گزشتہ روز بحالی کی یقینی دہانی کے باوجود پائپ لائن کی مرمت مکمل نہ ہو سکی جس کے سبب کوئٹہ، قلات، مستونگ، پشین اور زیارت سمیت متعدد اضلاع میں گیس کا بحران بدستور برقرار ہے۔دشوار گزار علاقے اور خرابی کی سنگین نوعیت کے باعث مرمتی عمل میں سست روی پیدا ہوئی ہے، جبکہ تکنیکی ٹیمیں مسلسل کام میں مصروف ہیں۔ مرکزی پائپ لائن بند ہونے کے باعث کوئٹہ کے سریاب، مشرقی بائی پاس، پشتون آباد اور نواں کلی سمیت متعدد علاقوں میں تین روز سے گیس مکمل طور پر بند ہے، جس سے گھریلو صارفین شدید مشکلات کا شکار ہیں۔شہریوں کے مطابق چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں، کھانا پکانا ناممکن ہو گیا ہے جبکہ شدید سردی میں گرم پانی نہ ملنے سے بزرگ، خواتین اور بچے شدید پریشان ہیں۔ ہوٹلز، بیکریاں اور دیگر کاروبار بھی بند ہونے کے قریب ہیں۔ گیس بحران کے باعث ایل پی جی، لکڑی اور کوئلے کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام کے مطابق پائپ لائن کی مرمت آخری مراحل میں ہے اور امید ہے کہ گیس کی فراہمی آج (منگل) تک بتدریج بحال ہونا شروع ہو جائے گی۔ کمپنی نے کہا کہ موسم اور مقام کی دشواری کے باوجود ٹیمیں شہریوں کی مشکلات کم کرنے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہیں۔


