بلوچستان کی جامعات میں تربت یونیورسٹی کا اعزاز، نیشنل ڈیبیٹ چیمپئن 2025 کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا
تربت (آئی این پی) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تربت یونیورسٹی کے طلبہ کی اونچی اڑان، قومی سطح پر اپنی قابلیت کا لوہا منوا لیا۔ تفصیلات کے مطابق یوتھ انگیجمنٹ سرگرمیوں اور علمی مکالمے کے میدان میں ایک تاریخ رقم کرتے ہوئے اپنی مضبوط تیاری، پختہ دلائل اور معیاری مکالمے کے باعث تربت یونیورسٹی کے طلبہ نے اڑان پاکستان نیشنل ڈیبیٹس 2025کے دوران ملک بھر کی 65یونیورسٹیوں میں نمایاں مقام جبکہ بلوچستان کی یونیورسٹیوں میں پہلی پوزیشن حاصل کی اوراگلے مرحلے پاکستان راﺅنڈ کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ بلوچستان کی یونیورسٹیوں پرسبقت لے جانے کے بعدتربت یونیورسٹی کی ٹیم نے قومی مرحلے پاکستان راﺅنڈ میں جگہ بنائی۔ پاکستان راﺅنڈ میں پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور فاٹا کی فاتح یونیورسٹیوں کے درمیان مقابلہ ہوا۔ پاکستان راﺅنڈ کے سنسنی خیز فائنل میں تربت یونیورسٹی کے طلبہ نے اپنے دلائل کی قوت اور بہترین مکالمے کے ذریعے دیگر صوبوں کی یونیورسٹیوں پرسبقت لے جاتے ہوئے نیشنل ڈیبیٹ چیمپئن 2025 (پاکستان راﺅنڈ) کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ پوائنٹس برابر ہونے پر ٹائٹل فاٹا کی ٹیم کے ساتھ مشترکہ طور پر شیئر کیا گیا۔ تربت یونیورسٹی کی فاتح ٹیم باصلاحیت طلبہ شعبہ قانون کی فاطمہ نذیر، شعبہ پولیٹیکل سائنس کے محمد مصدق اور شعبہ کمپیوٹر سائنس کے بختیار رند پر مشتمل تھی، جنہوں نے ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس افیئرز چاکر حیدر کی رہنمائی میں یہ اعزاز اپنے نام کرلیا۔ یہ مقابلے 24 سے 28 نومبر 2025 تک اسلام آبادمیں منعقد ہوئے۔ تربت یونیورسٹی کی اس تاریخی کامیابی پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر کمال احمد، ڈینز، رجسٹرار اور تدریسی و انتظامی شعبوں کے سربراہان نے تربت یونیورسٹی کی فاتح ٹیم اور ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس افیئرز کو مبارکباد دی۔ تربت یونیورسٹی کے ترجمان کے مطابق وائس چانسلرڈاکٹر گل حسن نے فاتح ٹیم کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ یہ کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ تربت یونیورسٹی اسٹوڈنٹ انگیجمنٹ کو فروغ دینے اور طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لئے بھرپور توجہ دے رہی ہے اورہمارے نوجوان قومی سطح کے علمی مکالموں، تنقیدی سوچ، تعمیری فکر،پالیسی معاملات فہمی اور شعوروآگاہی میں کسی سے کم نہیں۔ آخر میں تربت یونیورسٹی کی فاتح ٹیم نے اڑان پاکستان کے پروجیکٹ ڈائریکٹر شعیب فدا تنولی سےوننگ ٹرافی اور کیش انعام وصول کیا۔


