بلوچستان ، محرم الحرام کے حوالے سے سیکورٹی کیلئے جامع انتظامات،ایف سی کی اضافی نفری طلب فوج اسٹینڈ بائی رہے گی
کوئٹہ:بلوچستان حکومت نے محرم الحرام کے حوالے سے سیکورٹی کیلئے جامع انتظامات کرلئے،محکمہ داخلہ بلوچستان نے محرم الحرام کے حوالے سے ایس اوپیز جاری کردئیے،ایف سی کی اضافی نفری طلب کرلی گئی ،پاک فوج نو اور دس محرم کو کوئٹہ اور نصیر اباد میں اسٹینڈ بائی رہے گی ،صوبائی حکومت نے سات ،نو اور دس محرم کو کوئٹہ میں موبائل سروس بند رکھنے کیلئے مراسلہ لکھ دیا ہے ۔ محکمہ داخلہ بلوچستان کے حکام کے مطابق بلوچستان حکومت نے محرم الحرام کے حوالے سے ایس اوپیز جاری کردئیے ،جس کے تحت محرم کے جلوس و مجالس میں ماسک کا استعمال لازم قرار دیا گیا ہے،مجالس اور جلوسوں میں بچوں اور بزرگوں کے داخلے کی حوصلہ شکنی کی جائے گی، مجالس سے قبل اور بعد میں امام بارگاہوں کو ڈس انفیکٹ کیا جائے گا۔محکمہ داخلہ بلوچستان کے حکام کے مطابق محرم الحرام کے حوالے سے سترہ اضلاع کو حساس قرار دیا گیا ہے جبکہ انتہائی حساس اضلاع کوئٹہ اور نصیر اباد میں تعیناتی کیلئے ایف سی کی اضافی نفری طلب کرلی گئی ، نو اور دس محرم کو کوئٹہ اور نصیر اباد میں پاک فوج اسٹینڈ بائی رہے گی جبکہ صوبائی حکومت نے سات ،نو اور دس محرم کو کوئٹہ میں موبائل سروس بند رکھنے کیلئے وفاقی حکومت اور پی ٹی اے کو مراسلہ لکھا دیا ہے ۔


