شوگر انکوائری کمیشن: حکومت نے سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ چیلنج کردیا
اسلام آباد: وفاق نے شوگر انکوائری کمیشن کو کالعدم قرار دینے کا سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ عدالت عظمیٰ میں چینلج کر دیا ہے۔
سپریم کورٹ میں دائر اپیل میں استدعا کی گئی ہے کہ سندھ ہائیکورٹ کا 17اگست کا فیصلہ معطل کیا جائے۔ وفاقی حکومت نے اپیل اٹارنی جنرل آف پاکستان خالد جاوید کے توسط سے دائر کی ہے۔
سندھ کے بیس سے زائد شوگر ملز مالکان نے شوگر انکوائری کمیشن کی تشکیل اور رپورٹ کو ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔
سندھ ہائی کورٹ نے 17 اگست کو شوگر انکوائری کمیشن اور رپورٹ کو کالعدم قرار دیتے ہوئے نئی آزادانہ تحقیقات کا حکم دیا تھا۔
ہائی کورٹ نے حکم دیا تھا کہ نیب اور ایف بی آرگزشتہ کمیشن رپورٹ سے ہٹ کر غیر جانبدارانہ تحقیقات کرے۔ کمیشن میں شوگر انڈسٹری سے متعلق معلومات رکھنے والوں کو بھی شامل کیا جائے۔
عدالت نے حکم دیا ہے کہ کسی کو غیر قانونی یا ناجائز سبسڈی دی گئی ہے تو پتا لگایا جائے اور کسی حکومتی عہدیدار نے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا تو تحقیقات کی جائیں۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ایف بی آر ٹیکس قوانین کے مطابق تحقیقات کرے جب کہ ایف آئی اے بھی اس حوالے سے از سر نو تحقیقات کرے۔ سیکیورٹی ایکسچینج کمیشن اور اسٹیٹ بینک اپنی ذمہ داری ادا کریں۔


