چینی سفیر کی آصف زرداری سے ملاقات ، علاج کے لئے چین جانے کی دعوت
اسلام آباد : چین کے سفیر یائو جنگ نے سابق صدر آصف علی زرداری کی صحت دریافت کرتے ہوئے انہیں علاج کے لئے چین جانے کی دعوت دی۔ جمعرات کو پیپلزپارٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری سے پاکستان میں چین کے سفیر یائو جنگ نے زرداری ہائوس اسلام آباد میں جمعرات کے روز زرداری ہائوس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران بی بی آصفہ بھٹو زرداری، سینیٹر شیری رحمن اور سینیٹ کے ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران چین کے سفیر نے سابق صدر سے ان کی صحت کے بارے میں دریافت کیا اور انہیں علاج کے لئے چین آنے کی دعوت دی۔ ملاقات کے دوران چین کے سفیر نے آصف علی زرداری سے سی پیک کا بانی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اور ہمارے ملک کی پارٹی کا آپس میں پرانا تعلق ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر کے حوالے سے چین پاکستان کے موقف کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ ملاقات کے دوران چین کے سفیرسے سابق صدر نے کہا کہ چین پاکستان کا قابل اعتماد دوست ہے جس پر پاکستان کے عوام کو فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے دونوں ممالک کے عوام کا جانی اور مالی نقصان ہوا ہے۔ آصف علی زرداری نے چین کے سفیر کے تاریخی کلمات پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات کے دوران عالمی امور خاص طور پر خطے کے حالات اور دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔


