آل پارٹیز کانفرنس:اپوزیشن جماعتوں کو دعوت نامے بھجوانا شروع
اسلام آباد:20 ستمبر کو ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کیلئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپوزیشن کی جماعتوں کو دعوت نامے ارسال کرنا شروع کر دیئے ۔رہبر کمیٹی کے فیصلے کے بعد آل پارٹیز کانفرنس کی میزبانی پیپلز پارٹی کے ذمہ تھی اس حوالے سے پیپلز پارٹی نے اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں اے پی سی کیلئے بکنگ کرالی ہے۔تفصیلات کے مطابق اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس کئی ماہ کی تاخیر کے بعد 20 ستمبر کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہو رہی ہے جس کی میزبانی پاکستان پیپلز پارٹی کررہی ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آل پاٹیز کانفرنس کی ذمہ داری ملنے کے بعد اپوزیشن کی تمام جماعتوں کو خط کے ذریعے دعوت نامے بھجوانا شروع کر دیئے ہیں ۔اپوزیشن کی 11 جماعتیں آل پارٹیز کانفرنس میں شریک ہوں گی ۔بڑی جماعتوں سے 5 سے6 رہنمائوں پر مشتمل وفد بھی شریک ہوگا جبکہ چھوٹی جماعتوں سے 3سے4 رہنمائوں پر مشتمل وفد اے پی سی میں شرکت کرسکے گا۔ذرائع کے مطابق اے پی سی میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پارٹی کے سینئر رہنمائوں فرحت اللہ بابر ،نیئر بخاری ،شیری رحمان،قمر زمان کائرہ کے ہمراہ شریک ہوں گے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کی قیادت میں شاہد خاقان عباسی ،خواجہ آصف،احسن اقبال،سعد رفیق اور رانا ثناء اللہ پر مشتمل وفد کے شرکت کا امکان ہے جبکہ مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں 3 سے4 رکنی وفد اے پی سی میں شریک ہوگا ۔ اس حوالے سے گزشتہ روز پیپلز پارٹی کے پارلیمنٹرین کے سیکرٹری جنرل فرحت اللہ بابر اور پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر بخاری نے مقامی ہوٹل کا دورہ کیا اور اے پی سی حوالے سے بک کروائے گئے ہالز کا جائزہ لیا ۔ایک ہال آل پارٹیز کانفرنس کے لئے منعقد کروایا گیا ہے جبکہ دوسرا ہال پریس کانفرنس کیلئے بک کروایا گیا ہے اور ان کے ہمراہ پیپلز پارٹی کے چیف میڈیا کوآرڈینیٹر نذیر ڈھوکی بھی تھے


