پاکستان سمیت دنیا پر کرونا نے پھر پنجے گاڑھ لئے
واشنگٹن / نئی دہلی / برازیلیا / تہران:دنیا بھر میں کرونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری ہیں، کرونا وائرس سے متاثر افراد کی تعداد 3 کروڑ سے تجاوز کر گئی، اسرائیل میں دوبارہ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا جبکہ ایران میں ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 3 کروڑ 7 لاکھ 17 ہزار 711 ہوگئی جبکہ کرونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 9 لاکھ 56 ہزار 864 ہوگئی۔دنیا بھر میں کرونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد 74 لاکھ 8 ہزار 90 ہے، ان میں سے 61 ہزار 417 کیسز تشویشناک ہیں جبکہ دنیا بھر میں اب تک 2 کروڑ 23 لاکھ 52 ہزار 757 کرونا مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔بین الاقوامی اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں کرونا وائرس کے کلوزڈ کیسز میں سے 96 فیصد مریض وہ ہیں جو صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ہلاک ہونے والوں کی شرح 4 فیصد ہے۔اسی طرح فعال کیسز میں سے 99 فیصد معمولی بیمار ہیں جبکہ صرف 1 فیصد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔کورونا نے بھارتی پارلیمنٹ کا رخ کر لیا۔ 30 ارکان میں وائرس کی تشخیص ہوگئی۔متاثرہ اراکین میں وزیر برائے ٹرانسپورٹ نتن گدکاری بھی شامل ہیں۔دو رکن پارلیمان نے بتایا کہ اجلاس بلانے کے بعد سے کورونا کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کے بعد اجلاس مختصر کارروائی کے بعد ملتوی کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ اپریل تک تمام امریکیوں کے لیے کافی مقدارمیں کورونا ویکسین دستیاب ہوگی۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ہرماہ لاکھوں کورونا ویکسین کی خوراکیں دستیاب ہو جائیں گی۔ ان کا کہنا ہے کہ وفاقی ہیلتھ ریگولیٹرز کی منظوری کے بعد24 گھنٹے میں ویکسین کی تقسیم شروع کردی جائے گی۔ اسلام آباد:پاکستان میں کورونا وائرس کے نئے کیسز اور اس سے اموات میں مسلسل کمی اورشفایاب ہونے والوں میں اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے ملک کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی فہرست میں 18 ویں نمبر پر آگیا ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 645 نئے کورونا کیسز سامنے آ گئے، مزید 7 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، 361 مریض اس بیماری سے شفایاب ہو گئے۔پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 3 لاکھ 5 ہزار 31 ہو چکی ہے، اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کل تعداد 6 ہزار 415 تک جا پہنچی ہے۔کورونا وائرس کے ملک میں 6 ہزار 572 مریض اب بھی ہسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 562 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 2 لاکھ 92 ہزار 44 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔سندھ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد دوسرے صوبوں سے زیادہ 1 لاکھ 33 ہزار 362 ہو چکی ہے، جبکہ یہاں اس موذی وائرس سے اموات بھی دیگر صوبوں سے بڑھ کر 2 ہزار 459 ہو گئیں۔پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 98 ہزار 272 مریض سامنے آئے ہیں،اس سے ہلاکتیں 2 ہزار 226 ہو گئیں۔خیبر پختون خوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 37 ہزار 270 ہو چکی ہے جبکہ اس سے اموات 1 ہزار 258 ہو گئیں۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 16 ہزار 86 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں، 180 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔کورونا وائرس کے بلوچستان میں 14 ہزار 138 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 145 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔


