پوپ فرانسس کے قریبی ساتھی اور ویٹی کن کے اہم عہدیدار مستعفی
عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس کے انتہائی قریبی ساتھی اور ویٹی کن کے اعلیٰ ترین عہدیدار کارڈینل جیوانی اینجلو بیشو اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق جیوانی اینجلو بیشو چرچ کے فنڈز سے لندن میں ایک عمارت خریدنے کی ایک ڈیل میں ملوث تھے اور اس معاملے کی تحقیقات جاری تھیں تاہم وہ خود پر لگے الزامات کی تردید کرتے رہے ہیں۔
لندن کے سلواین ایوینیو میں خریدی گئی لگژری عمارت کی رقوم آف شور کمپنیوں اور فنڈز سے ادا کی گئیں۔
کارڈینل بشو گزشتہ 6 برسوں سے ویٹی کن کے سیکرٹریٹ آف اسٹیٹ میں سبٹیٹیوٹ آف جنرل افیئرز کی ذمہ داریاں نبھا رہے تھے اور انہیں پوپ کا قابل اعتماد ساتھی تصور کیا جاتا تھا۔
جیوانی اینجلو بیشو اس سے قبل ویٹی کن سیکرٹریٹ کے دوسرے سینئر ترین آفیشل کے طور پر بھی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔
دی ہولی سی کی جانب سے جاری بیان میں جیوانی اینجلو بیشو کے مستعفی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا کہ روحانی پیشوا نے عیسائیت اور سینٹ کی خاطر جیوانی بیشو کا استعفیٰ منظور کر لیا ہے۔
گزشتہ برس بھی ویٹی کن پولیس نے آفسز آف دی سیکرٹریٹ میں چھاپہ مار کر دستاویزات اور قبضے میں لی تھیں اور آفس کے 5 ممبران کو معطل کر دیا گیا تھا۔
2018 میں کارڈینل بننے والے اینجلو بیشو مستعفی ہونے کے باوجود کارڈینل ہی رہیں گے تاہم وہ آئندہ پوپ کے چناؤ کے لیے ووٹ نہیں کاسٹ کر سکیں گے۔
اس سے پہلے کارڈینل کے ووٹنگ سے حق سے محروم ہونے والے کارڈینل کیتھ اوبرائن تھے جنہوں نے 2013 میں جنسی زیادتی کا اسکینڈل سامنے آنے کے بعد استعفیٰ دیا تھا۔