14 سالہ بچی سے اجتماعی زیادتی، ملزمان متاثرہ لڑکی کو سڑک پر پھینک کر فرار
رحیم یار خان: پنجاب میں جنسی درندگی کا ایک اور واقعہ پیش آیا، ملزمان 14 سالہ بچی کو اجتماعی زیادتی کے بعد سڑک پر پھینک کر فرار ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر رحیم یار خان کے علاقے ظاہر پیر میں 14 سالہ بچی سے مبینہ زیادتی کی گئی، 7 سے زائد ملزمان نے بچی کو اغوا کے بعد زیادتی کی، بعد ازاں ملزمان نشہ آور چیز کھلا لڑکی کو سڑک پر پھینک کرفرار ہوگئے، پولیس نے الزام میں 6 افراد کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ زیادتی کا یہ واقعہ تھانہ آباد پور کے علاقے شیخ واہن کے قریب پیش آیا، بچی کو تشویشناک حالت میں شیخ زید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ پولیس نے بتایا کہ مبینہ زیادتی کے الزام میں 6 افراد گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے، میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد دیگر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ورثا کا کہنا تھا کہ راہ گیروں کی اطلاع پر پہنچے تو بچی سڑک پر بے ہوش پڑی تھی۔


