سعودی عرب میں عمرہ زائرین کی آسانی کے لیے نئی ایپ متعارف کرادی گئی
جدہ :عالمی وبا کورونا وائرس کے بعد بحال ہونے والے عمرہ کیلئے سعودی عرب نے زائرین کی آسانی کیلئے نئی ایپ ’اعتمرنا‘ متعارف کروا دی ہے۔کورونا وائرس کے باعث احتیاطی تدابیر کے ساتھ عمرہ کی ادائیگی کیلئے ابتدائی مرحلے کا آغاز ’اعتمرنا‘ ایپ کے ذریعے شروع کیا جائے گا۔سعودی عرب کی وزارت حج کے چیف پلاننگ اینڈ اسٹریٹجی آفیسر ڈاکٹر عمرالمدہ نے کہا ہے کہ’حکام کی جانب سے متعارف کرائی گئی نئی عمرہ ایپ ’اعتمرنا‘ ناصرف کاروبار میں مسابقت کا ماحول پیدا کرے گی بلکہ زیارت مقدسہ کے تجربے کو بھی خوشگوار بنائے گی‘۔انہوں نے کہا کہ ’جب کمپنیاں معیاری خدمات کم قیمت پر فراہم کرتی ہیں،مقامی زائرین کو بہتر خدمات کی فراہمی کیلئے سخت محنت کرتی ہیں تو زائرین ان کی طرف متوجہ ہوتے ہیں‘۔انہوں نے کہا کہ’بیرونی ایجنٹس جو عمرے سے متعلق سب کچھ کنٹرول کرتے تھے اب ایسا نہیں کر سکیں گے‘۔انہوں نے کہا کہ ایجنٹوں کا کام تو صرف عمرہ کمپنیوں کی نمائندگی اور انہیں مملکت کے باہر مارکیٹ کرنا ہے۔عمرالمدہ نے کہا کہ اس مسئلے کے حل کیلئے اقدامات اٹھائے گئے ہیں اور اب عمرہ کمپنیوں اور ان کے بیرونی ایجنٹوں کے درمیان تعلقات صرف مارکیٹنگ تک محدود ہوں گے۔خیال رہے کہ سعودی حکومت کی جانب سے شروع کئے جانے والے مرحلہ وار عمرہ میں ابتدائی طور پر روزانہ کی بنیاد پر چھ ہزار افراد کو مختلف اوقات میں عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کی اجازت دی جا رہی ہے۔ہر گروپ کے لیے ایک ہزار معتمرین کو موقع فراہم کیا جائے گا اور اس طرح مخصوص ایپ کے ذریعہ یومیہ 6 گروپ ترتیب دیے جائیں گے۔