منشیات فروش دیدہ دلیری سے شہریوں کو اغواء کررہے ہیں، عثمان کاکڑ

کوئٹہ:پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی صدر سنیٹر عثمان خان کاکڑ اور پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری ایم پی اے نصراللہ خان زیرے نے الگ الگ بوستان نلی سے اغواء ہونیوالے تاجر عمر خان سلمیانخیل کے اغواء کے خلاف جاری پرلت (دھرنا) کے شرکاء سے اظہار یکجہتی کیلئے کیمپ میں شرکت کی۔ اس موقع پر پارٹی ضلع کوئٹہ ڈپٹی سیکرٹریز فاروق وطنشاد، گل کاکڑ اورحاجی حسن خان کاکڑ، جانان اچکزئی، ڈاکٹر حبیب اللہ کاکڑ ،حاجی عصمت اللہ کمالزئی،نصیر خان کاکڑ، ڈاکٹر حبیب اللہ بازئی، محمد شاہ آغا ملک شفیق کاکڑ ،ودیگر رہنمائوں وکارکن بھی موجود تھے۔پارٹی رہنمائوں پرلت (دھرنے )کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دھرنا آپ لوگوں کی شعور کی عکاسی کرتاہے جہاں آپ لوگوں نے تمام رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے دھرنے میں شرکت کی اور یہاں پر بیٹھے رہے یہی مخالف قوتوں کیلئے پیغام ہے کہ پشتون اب متحدہے اور ایسے غیر انسانی عملیات کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کراتی ہے۔انہوں نے پرلت (دھرنے ) کے شرکاء کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے گزشتہ 3دن سے پر امن دھرنا جاری رکھا ہے ۔انہوں نے عمر خان سلیمانخیل کے اغواء کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور امن وامان نافذ کرنیوالے ادارے فوری طو رپر عمر خان سلیمانخیل کو بازیاب کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ سماج دشمن عناصر ، منشیات فروش بڑے دیدہ دلیری کے ساتھ لوگوںکو اغواء کررہے ہیں اور منشیات فروشی کا دھندہ تمام علاقوں میں سرعام ہورہاہے ۔ مسلح عناصر سرعام گھوم رہے ہیں مگر ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہورہی ہے ۔ اور یہ سب کچھ حکومتی اداروں کی ایما ء پر ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمر خان سلیمانخیل کو قومی ہائی وے پر سرعام سرکاری فورس کی وردی میں ملبوس مسلح لوگوں نے اغواء کیا اور جہاں سے اٹھایا گیا اس کے دونوں اطراف سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹیں ہیں اور جس گاڑی میں اٹھایا گیا اس گاڑی کو بھی لوگوں نے مین شاہراہ پر آتے جاتے دیکھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اغواء برائے تاوان ، منشیات فروش ، چور وڈکیت تمام مسلح عناصر سرگرم ہوچکے ہیں جس کے باعث عوام کے جان ومال کے کو سنگین خطرات لاحق ہوچکے ہیں۔ انہوں نے دھرنے کے شرکاء کو پارٹی کی جانب سے ہر قسم کی تعاون کا یقین دلایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں