لاپتہ افراد کمیشن نے ستمبر2020کے دوران 53افراد کو بازیاب کرایا
اسلام آباد:وفاقی حکومت کی طرف سے جسٹس (ر) جاوید اقبال کی سربراہی میں لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے قائم قومی کمیشن نے ستمبر2020کے دوران 53افراد کو بازیاب کرایا،11افراد کے کیسز لاپتہ افراد کی فہرست سے خارج کر دیے گئے ہیں،گزشتہ ماہ کے دوران کمیشن کی طرف سے مجموعی طور پر 76کیس نمٹائے گئے جبکہ کمیشن کو مزید 34 نئے کیس موصول ہوئے ہیں۔جمعرات کو لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے قائم قومی کمیشن کے سیکرٹری فرید احمد خان کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق لاپتہ افراد کمیشن نے ستمبر کے دوران مبینہ طور پر لاپتہ افراد سے متعلق76کیسز نمٹائے ہیں، 53افراد گھروں کو واپس پہنچے ہیں، 9افراد قید خانوں اور جیلوں میں موجود ہیں، 3 افراد کی ہلاکت کی اطلاع ملی ہے کہ 11 کیسز کو لاپتہ افراد سے متعلق نہ ہونے پر نمٹا دیا گیا ہے۔ چیئرمین لاپتہ افراد کمیشن جسٹس (ر)جاوید اقبال نے ستمبر کے دوران کمیشن کی سماعتوں کے لئے تمام صوبائی ہیڈکوآرٹرز میں جامع پروگرام وضع کرنے کی ہدایت کی ہے کیونکہ کورونا وبا کے باعث گزشتہ کچھ عرصہ کے دوران سماعتوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کمیشن نے پشاور،کوئٹہ، لاہور،اسلام آباد میں سماعتیں کیں۔ رپورٹ کے مطابق جسٹس (ر)جاوید اقبال کی سربراہی میں لاپتہ افراد کمیشن نے ستمبر کے دوران مبینہ طور پر لاپتہ افراد سے متعلق76کیسز نمٹائے ہیں، 53افراد گھروں کو واپس پہنچے ہیں، 9افراد قید خانوں اور جیلوں میں موجود ہیں، 3 افراد کی ہلاکت کی اطلاع ملی ہیجبکہ 11 کیسز کو لاپتہ افراد سے متعلق نہ ہونے پر نمٹا دیا گیا ہے۔ چیئرمین کمیشن جسٹس جاوید اقبال نے خود لاہور کا دورہ کیا اور صوبہ پنجاب سے متعلق لاپتہ افراد کے 16کیسوں کو نمٹایا۔ لاپتہ افراد کمیشن کے سینئر ممبر جسٹس فضل الرحمن نے صوبہ بلوچستان سے متعلق 25کیسز کی کوئٹہ میں سماعت کرکے ان کو نمٹایا۔ لاپتہ افراد کمیشن کے ممبر محمد شریف ورک نے پشاور میں سماعتیں کیں اور 15 کیسوں کو نمٹایا۔ اسی طرح لاپتہ افراد کمیشن کے ہیڈ آفس میں سماعت کے دوران بھی کیسز کو نمٹایا گیا۔ لاپتہ افراد کمیشن کے رکن جسٹس ڈاکٹر غوث محمد نے کراچی میں صوبہ سندھ سے متعلق لاپتہ افراد کے کیسز کی سماعتیں کیں اور 7 کیسو ں کو نمٹایا۔ لاپتہ افراد کمیشن کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال صوبہ سندھ سے متعلق لاپتہ افراد کے کیسوں کی تیزی سے سماعتوں کے لئے اکتوبر میں کراچی سمیت دیگر شہروں میں سماعتیں کریں گے۔ وہ کراچی میں تمام متعلقہ فریقوں کے ساتھ اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کریں گے۔اعداد وشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ 31اگست تک کمیشن کے پاس 6752کیسز کی تحقیقات جاری تھیں جبکہ ستمبر کے دوران مزید 34 نئے کیس موصول ہوئے ہیں جس سے کیسز کی مجموعی تعداد بڑھ کر 6786ہو گئی ہے۔ کمیشن نے 31 اگست تک 4642کیسز نمٹائے تھے جبکہ ستمبر میں 76مزید کیسز نمٹائے گئے۔ جس کے بعد نمٹائے گئے مجموعی کیسوں کی تعداد 4718ہو گئی ہے۔ لاپتہ افراد کمیشن کے پاس باقی کیسز کی تعداد 2068 ہے جن پر کام جاری ہے۔ جو لاپتہ افراد اپنے گھروں کو واپس آئے ہیں ان کے رشتہ داروں نے لاپتہ افراد کمیشن کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال کی انتھک کوششوں کو سراہا ہے۔


