عوام اپوزیشن کی اصلیت اور نیت دونوں سے بخوبی آگاہ ہیں، فردوس عاشق اعوان
معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ قوم کو وہ وقت نہیں بھولا جب عوام شیرآٹا کھا گیا کے نعرے لگاتے تھے، سارے پاکستان کو معلوم ہے کہ اس وقت آٹا،چینی، گھی اور خاص کر مرغیوں پر کس کا کنٹرول تھا،بلاول صاحب عوام کا بس چلے تو تھر کے معصوم بچوں کے قاتلوں کو عبرت کا نشان بنا دیں ،وزیراعظم عمران خان کا عوام کے ساتھ احساس اور درد کا رشتہ ہے،عوام اپوزیشن کی اصلیت اور نیت دونوں سے بخوبی آگاہ ہیں جمعرات کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا عوام کے ساتھ احساس اور درد کا رشتہ ہے، وہ ماضی کی حکومتوں کے عوام کو دیئے گئے زخموں پر مرہم رکھ رہے ہیں، ن لیگیوں سے کہتی ہوں کہ قوم کو وہ وقت نہیں بھولا جب عوام شیرآٹا کھا گیا کے نعرے لگاتے تھے، سارے پاکستان کو معلوم ہے کہ اس وقت آٹا،چینی، گھی اور خاص کر مرغیوں پر کس کا کنٹرول تھا۔معاون خصوصی نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے حوالے سے کہا کہ بلاول صاحب آپ نے بس چلانا ہے تو دو خاندانوں سے لوٹی ہوئی قوم کی دولت واپس دلوادیں، ان کے خلاف تحریک چلائیں، پوری قوم آپ کا ساتھ دے گی،بلاول صاحب عوام کا بس چلے تو تھر کے معصوم بچوں کے قاتلوں کو عبرت کا نشان بنا دیں اور عوام کا بس چلے تو ان کا مستقبل ان سے چھین لینے والوں کو لوہے کا زیور پہنائیں۔انہوں نے کہا کہ بلاول صاحب پاکستان کے عوام باشعور ہیں، اپوزیشن کی اصلیت اور نیت دونوں سے بخوبی آگاہ ہیں، قوم کو لوٹ کر مال بنانے والوں کو عوام نے نظروں سے گرایا اور عمران ان کو دہائیوں سے قوم پر مسلط دو خاندانوں کے استحصالی راج سے نجات کا ذریعہ بنایا۔