جرمنی میں شاہینہ شاہین کے قتل کے خلاف مظاہرہ
کوئٹہ: (انتخاب نیوز ڈیسک) بلوچستان کے علاقے کیچ سے تعلق رکھنے والی آرٹسٹ اور صحافیہ شاہینہ شاہین کے قتل کے خلاف احتجاج کا سلسلہ وسعت اختیار کرتا جا رہا ہے، شوہر کے ہاتھوں قتل ہونے والی شاہینہ شاہین کے قتل کے خلاف مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کی جانب سے بلوچستان میں احتجاجی مظاہرہ کیے گئے ہیں، بیرون ملک جرمنی کے شہر ڈسلڈورپ میں جسٹس فار شاہینہ شاہین کمیٹی کی جانب سے ایک احتجاجی مظاہرہ ریکارڈ کیا گیا، مظاہرین نے شاہینہ شاہین کے قتل میں ملوث شخص کو گرفتار اور سزا دلوانے کا مطالبہ کیا، جبکہ احتجاج کے دوران حیات بلوچ اور حنیف چمروک کے خاندانوں کو انصاف فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
شاہینہ شاہین کے قتل کی ایف آئی آر ان کے شوہر محراب گجکی کے خلاف درج کیاگیا ہے جو ابھی تک پولیس سے مفرور ہے، سیاسی و سماجی تنظیموں کی جانب سے انہیں گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے، ابھی تک پولیس کی طرف سے ان کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ہے، واضح رہے کہ شاہینہ شاہین کو کچھ عرصہ قبل کیچ تربت میں گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔


