استاد حنیف چمروک کے قتل کے خلاف کل تربت میں مظاہرہ کیا جائے گا، طبیہ بلوچ کا اعلان
تربت (انتخاب نیوز)بلوچستان میں انسانی حقوق پامالیوں کے خلاف سرگرم کارکن طبیہ بلوچ نے سوشل میڈیا کی ویب سائٹ فیسبک میں ایک پوسٹ میں اپنے والد اور بلوچی زبان کے شاعر و گلوکار حنیف چمروک کے قتل کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کا اعلان کر دیا، تفصیلات کے مطابق انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف سرگرم کارکن طبیہ بلوچ نے اپنے والد اور بلوچی زبان کے گلوکارحنیف چمروک کے قتل کے خلاف کل بروز 13اکتوبر کو تربت میں مظاہرہ کا اعلان کر دیا ہے، انہوں نے پوسٹ میں لکھا ہے کہ شاعر و گلوکار حنیف چمروک کے قتل کے خلاف کل سول سوسائٹی کی طرف سے صبح 11بجے شہید فدا چوک تربت میں ایک مظاہرہ کیا جائے گا، انہوں نے زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے اس احتجاج میں شریک ہونے کی اپیل کی ہے۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف سرگرم کارکن طبیہ بلوچ کے والد، بلوچی زبان کے گلوکار حنیف چمروک کو گزشتہ دنوں نامعلوم افراد نے کیچ میں گولیاں مار کر قتل کیا گیا تھا، انتخاب نمائندہ سے گفتگو کرتے ہوئے تربت پولیس حکام کا کہنا تھا کہ حنیف چمروک کے قتل کیس میں ابھی تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی، پولیس کا کہنا تھا کہ قاتلوں کی تلاش جاری ہے لیکن ابھی تک کسی کے ملوث ہونے کے شواہد نہیں ملے ہیں، پولیس ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ حنیف چمروک کے لواحقین نے نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔


