بتایا جائے عاصم باجوہ سے کن وجوہات پر استعفیٰ لیا گیا،ترجمان بلاول

اسلام آباد :پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے ترجمان سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ لفٹیننٹ جنرل (ر)عاصم سلیم باجوا نے ایک عہدے سے استعفیٰ دیا وہ ایک اور اہم پوزیشن پر کس طرح کام کرسکتے ہیں اگر وہ ایک پوزیشن رکھنے کے لیے ٹھیک تصور نہیں ہوتے ہیں تو سی پیک جیسی اہم اتھارٹی چلانے کے لیے کیسے ٹھیک تصور ہوسکتے ہیں، ہم اس دوغلا پن کو مکمل طور پر رد کرتے ہیں۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں میں سفید پوش طبقے کا بھرم اور پردہ چاک ہوگیا جو ایک المیہ ہے خواب تو بہت بڑے برے دکھائے گئے، کہاں ایک کروڑ نوکری اور 50 لاکھ گھر اور آج حالات سب کے سامنے ہیں۔مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ آج اخبارات میں ایک سرخی زینت بنی ہوئی ہے کہ کابینہ کے اہم رکن نے استعفیٰ دے دیا اور وزیراعظم نے ان کا استعفیٰقبول کرلیا، ہم یہ سوال پوچھنا چاہتے ہیں کہ وہ موصوف جنہوں نے ایک پوزیشن سے استعفیٰ دیا وہ ایک اور اہم پوزیشن پر کس طرح کام کرسکتے ہیں اگر وہ ایک پوزیشن رکھنے کے لیے ٹھیک تصور نہیں ہوتے ہیں تو پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک)جیسی اہم اتھارٹی چلانے کے لیے کیسے ٹھیک تصور ہوسکتے ہیں۔عوام کے سامنے اپنے احتساب کے بیانیے کو بچانے کے لیے ایک لالی پاپ پھینکا گیا ہے کہ دیکھو ہم نے استعفیٰ لیا گیا، ہم جاننا چاہتے ہیں کہ ان سے کن وجوہات کی بنا پر استعفیٰ لیا گیا یا قبول کیا گیا۔ اگر وہ وجوہات معاون خصوصی کے منصب کو جاری رکھنے کے لیے ٹھیک نہیں ہیں تو پھر وہ سی پیک اتھارٹی پر ہوں گے اور ہم اس دوغلا پن کو مکمل طور پر رد کرتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں