ایک شخص کل چیخ چیخ کر اپنی شکست اور ناکامی کا ماتم کر رہا تھا، مریم نواز

کراچی: مریم نواز شریف کا کراچی میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایک شخص کل چیخ چیخ کر اپنی شکست اور ناکامی کا ماتم کر رہا تھا۔ ابھی تو ایک ہی جلسہ ہوا اور وہ گھبرانا شروع ہو گئے۔

مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ تقریر کے ایک ایک لفظ سے، آپ کی حرکات وسکنات سے آپ کا خوف جھلک رہا تھا۔ یہ عوام کی طاقت کا خوف ہے جو ٹیلی وژن کی سکرین پر تمام قوم نے دیکھا۔ ایک ہی جلسے سے اپنا ذہنی توازن کھو بیٹھے۔ ہم جانتے ہیں آپ دباؤ اور پریشر میں ہے۔ خدارا وزیراعظم کی کرسی کی ہی کوئی لاج رکھ لو۔

ان کا کہنا تھا کہ پریشر کو کیسے ہینڈل کرنا ہے؟ یہ کام نواز شریف سے ہی سیکھ لو۔ تم 126 دن دھرنے میں بیٹھے رہے لیکن نواز شریف نے ایک دن پریشر نہیں لیا تھا۔ نواز شریف نے دھرنے کے دوران تمہارا نام تک نہیں لیا تھا۔ تم کس خوشی میں اچھل رہے ہو، تمہارا نام تو کسی نے نہیں لیا، تم ایک تنخواہ دار ملازم ہو۔ یہ بڑوں کی لڑائی ہے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ میں عمران خان کا نہ نام لینا پسند کرتی ہوں، نہ اسے وزیراعظم مانتی ہوں اور نہ ان کی جعلی حکومت کو تسلیم کرتی ہوں۔ گزشتہ روز انہوں نے شاید میرا مذاق اڑانے کیلئے مجھے کہا کہ میں ان کیلئے بچوں کی طرح ہوں لیکن نانی بن چکی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ نانی ماں کی بھی ماں ہوتی ہے لیکن آپ نے اس خوبصورت رشتے کی بھی تحضیک کی۔ میں عمران خان کے الزام کے الزام کا جواب دینا بھی توہین سمجھتی ہوں۔ مجھے کہا کہ بچی ہے لیکن نانی بن چکی ہے۔ میں شکر ادا کرتی ہوں کہ میں ایک نہیں بلکہ دو بچوں کی نانی ہوں۔ یہ رشتے ان کو ملتے ہیں جو رشتے نبھانا اور رشتوں کا احترام جانتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نواز شریف اور کلثوم نواز کی بیٹی ہوں۔ مولانا فضل الرحمان اور آصف زرداری مجھے بیٹی سمجھتے ہیں، بلاول بھٹو مجھے بڑی بہن کی طرح عزت دیتا ہے۔ ہم پاکستانی عوام کا مقدمہ لڑنے آنے ہیں، جب الیکشن آئے گا تو ہم ایک دوسرے کے حریف بھی ہونگے۔

انہوں نے چیئرمین پیپلز پارٹی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ بلاول وعدہ کریں، ہم مخالفت میں کبھی اتنے آگے نہیں جائیں گے، ہم انتخابی میدان میں لڑیں گے لیکن ایک دوسرے کی عزت کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں