سوراب، قومی شاہراہ پر 3گاڑیاں آپس میں ٹکراگئیں،ایک شخص جاں بحق 13افراد زخمی
سوراب(نامہ نگار )آر سی ڈی قومی شاہراہ حاجیکہ کے مقام پر ٹریفک کا المناک حادثہ، تین گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، ایک شخص جاں بحق، تین خواتین سمیت 13 افراد زخمی جن میں سے تین شدید کی حالت نازک بتائی جارہی ہے، تفصیلات کے مطابق خضدار سے کوئٹہ جانے والی ویگن ٹو ڈی کار اور ٹرالر حاجیکہ گرگٹ کراس کے مقام پر آپس میں ٹکراگئیں جس کے نتیجے میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایک شخص جاں بحق جبکہ تین خواتین سمیت 13 افراد زخمی ہیں جن میں سے تین کی حالت تشویشناک ہے، زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال سوراب منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ایم ایس ڈاکٹر عبدالحمید لہڑی ڈاکٹر محمد اسماعیل ڈاکٹر حافظ ظہور احمد ریکی ڈاکٹر محمد یوسف سمیت پیرامیڈیکس اسٹاف زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دینے میں مصروف ہیں ، جبکہ زخمیوں کو ریفر کرنے کے لئے محکمہ صحت کے ایمبولینسز بھی الرٹ رکھے گئے ہیں .


