خضدار میں ضعیف العمر سیاسی و قبائلی شخصیت اور ان کے جوانسال فرزند کاقتل قابل مذمت ہے، نواب زہری
خضدار: سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ خضدار میں ضعیف العمر سیاسی و قبائلی شخصیت ماسٹراحمدعلی موسیانی اور ان کے جوانسال فرزند سعید احمد موسیانی کی شہادت دلخراش اور افسوسناک واقعہ ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، انہوں نے کہا کہ مسلح قاتلوں کا بلا خوف و خطر ماسٹر احمد علی اور ان کے فرزند کو دکان کے اندر فائرنگ کرکے قتل کرنا اور بآسانی وہاں سے فرار ہونا تعجب خیز ہے، مقامی انتظامیہ صوبائی حکومت فوری طور پر اس واقعہ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری عمل میں لاکر انہیں قرار واقعی سزا دیں۔ انہوں نے اپنے بیان میں باپ اور بیٹے کی شہادت پر دکھ و درد کا اظہار کرتے ہوئے دعاء کی ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور ان کے لواحقین کو صبرجمیل اور اس درد کو برداشت کرنے کی توفیق عطاء فرمائے۔
Load/Hide Comments


