سینئر صحافی کے گھر پر چھاپہ بلاجواز ہے، آل پارٹیز کیچ

تربت: آل پارٹیز کیچ کے ترجمان نے سنیئر صحافی اور بلوچستان اکیڈمی تربت کے ممبر مقبول ناصر کے گھر پر گزشتہ شب سی آئی اے اہلکاروں کے بلاجواز چھاپہ، اہل خانہ کو ہراساں اور مقبول ناصر کو بھائیوں کے ہمراہ تشدد کی سخت مذمت کرتے ہوئے ڈی پی او کیچ اور ڈپٹی کمشنر کیچ سے سی آئی اے کے اہلکاروں کے خلاف کارروائی اور اس واقعہ کی فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ترجمان نے کہا کہ پولیس علاقے میں جرائم اور منشیات کی بیخ کنی کے ساتھ امن و امان پر اپنی توجہ مرکوز کرے کیوں کہ شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا اور ایک پرسکون ماحول دینا پولیس کی بنیادی زمہ داری ہے۔ ان کا کام شریف شہریوں کو شبہ اور شک کی بنیاد پر تنگ کرنا، ان پر تشدد اور غیر قانونی حراسان کرنا نہیں ہے۔ترجمان نے کہا کہ مقبول ناصر کے گھر پر بلاوجہ چھاپہ مارنا اور شناخت کے باوجودِ ان پر تشدد پولیس گردی تصور کی جاتی ہے جس کی آل پارٹیز کیچ بھرپور انداز میں مذمت کرنے کے ساتھ ڈی پی او اور ڈپٹی کمشنر سے یہ مطالبہ کرتی ہے کہ وہ چھاپہ کے دوران مقبول ناصر اور ان کے اہل خانہ کو تشدد اور حراسان کرنے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف فی الفور کارروائی کے ساتھ اس واقعہ کی جلد از جلد تحقیقات کرائے ورنہ آل پارٹیز شریف النفس شہریوں کے خلاف پولیس گردی پر کسی طور خاموش نہیں رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں