کورونابونس تنخواہ کی عدم ادائیگی پر پیرامیڈیکس کا 4دسمبر سے بائیکاٹ کا اعلان

کوئٹہ :چیئرمین جوائنٹ ایکشن کمیٹی و صدرپیرامیڈیکل فاطمہ جناح چیسٹ ہسپتال کوئٹہ عزیز احمد بلوچ،وائس چیئرمین شکیل احمد،پیرامیڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن سول ہسپتال کوئٹہ کے صدر حاجی شفا مینگل نے وزیراعلیٰ بلوچستان کے اعلان کردہ بونس کی عدم فراہمی پر 4دسمبر سے فاطمہ جناح چیسٹ ہسپتال اورشیخ زید ہسپتال میں ڈیوٹیوں کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔ یہ بات انہوں نے بد ھ کو کوئٹہ پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے دوران پیرامیڈیکل ایسوسی ایشن فاطمہ جناح چیسٹ ہسپتال کوئٹہ اور شیخ زید کوئٹہ،ینگ نرسنگ ایسوسی ایشن،ڈاکٹرز،فارماسٹ اور کلریکل اسٹآف نے جانفشانی کے ساتھ دن رات اپنے فرائض سرانجام دیئے اور کورونا وائرس میں مبتلا مریضوں کی دیکھ بھال کی۔انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے فاطمہ جناح چیسٹ ہسپتال کوئٹہ میں ملازمین کیلئے بونس تنخواہ کا اعلان کیا اور بجٹ میں رقم بھی مختص کی لیکن تاحال ملازمین اس بونس تنخواہ سے محروم ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک بار پھر کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے ہم نے چیف سیکرٹری اورسیکرٹری صحت سے 25نومبر کو ایک درخواست کے ذریعے خدمات سرانجام دینے والے پیرامیڈیکل فاطمہ جناح چیسٹ ہسپتال کوئٹہ،شیخ زید ہسپتال کوئٹہ، ینگ نرسنگ ایسوسی ایشن بلوچستان،ڈاکٹر ز،فارماسٹ اورکلریکل اسٹاف کیلئے وزیراعلیٰ کے اعلان کردہ بونس تنخواہ کی ادائیگی کا مطالبہ کیا لیکن تاحال اس پر کوئی عملدرآمد نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے بونس تنخواہ اور بقایاجات کے حصول کیلئے 4دسمبر سے فاطمہ جناح چیسٹ ہسپتال کوئٹہ اورشیخ زید ہسپتال کوئٹہ میں اپنی ڈیوٹی سے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے تاہم اس دوران ایمرجنسی ڈیوٹیاں سرانجام دیتے رہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں