ایسٹر تک کورونا وائرس کو شکست دے دیں گے،ڈونلڈ ٹرمپ
واشنگٹن ، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ ان کا ملک12 اپریل کو منائے جانے والے ایسٹر کے تہوار تک کورونا وائرس کو شکست دے دے گا۔ برطانوی میڈیاکے مطابق امریکی صدر کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا جب امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 55 ہزار اور اموات 8 سو سے تجاوز کرچکی ہیں۔عالمی ادارہ صحت نے انتباہ کیا ہے کہ امریکا کورونا وباء کا اگلا عالمی مرکز بن سکتا ہے۔ امریکی صدر نے گزشتہ روز وائٹ ہاؤس میں نیوز بریفنگ کے دوران کہا کہ امریکہ میں ایسٹر کے تہوار تک حالات معمول پر آجائیں گے اور گرجا گھر عبادت گزاروں سے بھرے ہوں گے۔ ملک میں لاک ڈاؤن آئندہ ماہ تک ختم کر دیا جائے گا اور یہ سب کے لیے ایک خوبصورت وقت ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ان کے لیے ایسٹر کا تہوار بہت خاص دن ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جب تک امریکہ کاروباری طور پر دوبارہ اپنے معمول پر نہیں آجاتا تب تک اسے کساد بازاری اور پریشانی کا سامنا ہو سکتا ہے اور اس وقت کورونا وائرس کے باعث ملک میں عدم استحکام کا سامنا ہے۔ وائٹ ہاؤس بریفنگ کے بعد امریکی صدر نے کہا کہ انہیں اندھیرے کے بعد روشنی نظر آرہی ہے اگرچہ ہمارے فیصلے سخت حقائق اور عدادوشمار پر مبنی ہوں گے۔