ہر قسم کے مشکل حالات میں اپنے عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا،نصراللہ زیرے
کوئٹہ: پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری ورکن صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے نے کہا ہے کہ پشتونخوامیپ نے ہر قسم کے مشکلات حالات میں اپنے عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا، عوامی مسائل کو حل کرنے کیلئے جو اقدامات پشتونخوامیپ کے دور حکومت میں ہوئے ہیں اس کی مثال ملک کی تاریخ میں نہیں ملتی، پشتونخوامیپ کے دور حکومت سے قبل اس حلقے کی اکثریت علاقوں میں گیس، بجلی، پانی،سڑکیں کچھ نہیں تھی لیکن آج کی سہولیات تمام عوام کے سامنے ہیں، 13کلو میٹر ڈبل روڈ چالو بہاوڑی سے سبی روڈ تک کی تکمیل سے عوام کو فائدہ حاصل ہوا ہے، عوام جانتی ہے کہ یہ منصوبہ کس کے دور حکومت میں منظور ہوا،کس نے فنڈز رکھے اور کس نے تکمیل کروایا بعض لوگ سستی شہرت حاصل کرنے کیلئے منفی پروپیگنڈوں کا سہارا لے رہے ہیں۔ عوام کی خدمت کرنا ان کے مابین ہر وقت موجود رہنا ان کے مسائل سے آگاہ رہنا اور ان کے حل کیلئے اقدامات کرنا اور آواز بلند کرنا پشتونخوامیپ کے ہر کارکن کافریضہ ہے اور یہ فریضہ پشتونخوامیپ روز اول سے کرتی آرہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ پی بی31تختانی بائی پاس کلی سلیمان خیل بخت محمد یونٹ کے زیر اہتمام اولسی جرگے، کلی حیات خان الکوزئی قیس یونٹ میں اولسی جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس سے قبل انہو ں نے بجلی کے ٹرانسفارمرز اور کھمبوں کی تنصیب کا افتتاح کیا اور علاقے کو بجلی کی فراہمی کرکے عوام کا دیرینہ مسئلہ حل کیا۔ اس موقع پارٹی کے دیگر علاقائی رہنماؤں نے بھی اولسی جرگوں سے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ پشتونخوامیپ اپنے دور حکومت کی کارکردگی کا سہرا اپنے عوام دیتی ہے کہ جنہوں نے پارٹی کے نمائندوں کو اسمبلی بھیج کر خدمت کا موقع دیا اور پارٹی نے اپنے عوام کی امیدوں پر پورا اترتے ہوئے اپنے ہر وعدے کی پاسداری کی۔ انہوں نے کہا کہ 2018کے عام انتخابات میں الیکشن کی بجائے سلیکشن ہوا اور من پسند افراد کو اپنے عزائم کی تکمیل کیلئے اقتدار میں لایا گیا۔ ان نااہل ناتجربہ کار افراد کی پالیسیوں وعوام دشمن اقدامات کے باعث ملک میں بدترین بیروزگاری اور مہنگائی مسلط ہوگئی ہے۔ آج غریب بھوک سے وافلاس کے باعث اپنی زندگی سے مایوس ہوچکاہے، مہنگے داموں اشیاء کی خریداری اور بھاری برقم بلوں کی ادائیگی اب ہمارے غریب عوام کی بس میں نہیں رہا۔ کاروبار، محنت مزدوری کے تمام مواقع ختم ہوچکے ہیں اور آئے روز مختلف اداروں سے ملازمین کو برطرف کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تمام صورتحال کی ذمہ دار سلیکٹڈ حکومت ہے اور سلیکٹڈ حکومت سے نجات پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی سیاسی جمہوری تحریک سے ہی ممکن ہے۔ اس سلسلے میں اسلام آباد کی جانب جلد لانگ مارچ کیا جائیگا تمام عوام اپنی شرکت کو یقینی بناتے ہوئے اس احتجاج میں اپنا کردار ادا کرتے ہوئے سلیکٹڈ حکومت کے خلاف باہر نکلیں۔


