وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس، مال بردار گاڑیوں کے لیے میکنزم،راشن کے لیے پولیو ڈیٹا استعمال کی تجویز
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے ملک بھر میں اشیائے خوردونوش کی ترسیل کے لئے این ایل سی اور پاکستان ریلوے سے استفادہ کرنے، بین الصوبائی سرحدوں پر مال بردار گاڑیوں کی بلارکاوٹ آمدورفت کے لئے بین الصوبائی میکنزم کے قیام، حب انڈسٹریل اسٹیٹ اور دیگر صنعتی یونٹوں کو بندرگاہوں سے خام مال کی ترسیل کے لئے خصوصی اقدامات کرنے اور صنعتوں کو بجلی کے بلوں، ای او بی آئی اور ٹیکسوں کی ادائیگی کے لئے مہلت دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ برآمدات اور ملکی استعمال کے لئے پیداواری عمل جاری رہے اور خوراک سمیت دیگر ضروری اشیاء کی قلت پیدانہ ہو، یہ تجاویز وزیراعلیٰ نے وزیراعظم کی زیرصدارت فوڈ سیکیورٹی سے متعلق امور کے جائزہ کے لئے منعقد ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں بذریعہ وڈیو لنک شرکت کرتے ہوئے پیش کیں، وزیراعلیٰ نے کورونا وائرس کی تشخیص کے لئے وی ٹی ایم ٹیسٹنگ کٹس کی برآمد اور رفاحی اداروں کی جانب سے روزانہ اجرت پر کام کرنے والوں اور نادار افراد کے لئے راشن اور دیگر امدادی اشیاء کی فراہمی کے عمل کو حکومت اداروں کے اشتراک کے ذریعہ مزید موثر اور مربوط بنانے اور روزانہ کی اجرت پر کام کرنے والے مزدوروں کے لئے حکومت کی جانب سے خصوصی الاؤنس کی فراہمی کے لئے پولیو ڈیٹا کو استعمال کرتے ہوئے معلومات کے حصول کی تجویز بھی پیش کی، وزیراعظم نے وزیراعلیٰ کی تجاویز سے اتفاق کرتے ہوئے انہیں فوڈ سیکیورٹی کے ورکنگ گروپ میں پیش کرنے کی ہدایت کی، وزیراعلیٰ نے اجلاس کو صوبے میں صوبے میں فوڈ سیکیورٹی چین کو برقرار رکھنے اور تمام اضلاع میں اشیاء خوردونوش کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے کئے جانے والے اقدامات اور طریقہ کار کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔