چینی قونصلیٹ حملہ کیس، حیربیارمری، راشد حسین سمیت15 ملزمان اشتہاری قرار
کراچی: انسداد دہشتگردی کی عدالت نے کراچی میں چینی قونصل خانے پر حملے میں ملوث کالعدم تنظیم کے 15 مفرور دہشتگردوں کو اشتہاری قرار دے دیا۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت نے مفرور ملزمان کے تاحیات وارنٹ گرفتاری بھی جاری کردیے۔ عدالت نے ملزمان کے خاکے بنا کرآویزہ کرنے کے حکم کے ساتھ مفرور ملزمان کی منقولہ و غیر منقولہ جائیداد ضبط کرنے کا بھی حکم سنادیا۔
مفرور ملزمان میں حیربیار مری،علی داد بلیدی، کمانڈر شریف، راشد حسین اور سمیر سمیت دیگر ملزمان شامل ہیں۔ مقدمے میں احمد حسنین، نادرخان، علی احمد، عبداللطیف، اور اسلم گرفتار ہیں۔
پولیس نی عدالت کو بتایا کہ حملہ کو بھارتی خفیہ ایجنسی را نے مالی معاونت کی۔ مفرور ملزمان کی گرفتاری کیلیے انٹر پول سے معاونت حاصل کی جائیگی۔
خیال رہے کہ 28 نومبر 2018 کو کراچی میں چینی قونصل خانے پر حملہ ہوا تھا۔واضح رہے کہ نومبر 2018 میں کراچی میں واقع چینی قونصلیٹ پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں دو اہلکار جاں بحق اور جوابی فائرنگ میں تین حملہ آور مارے گئے تھے۔
واقعہ میں قونصلیٹ میں ویزہ لینے کے لیے آنے والے بلوچستان کے باپ بیٹا بھی جاں بحق ہو گئے تھے۔


