ملک بھر میں کروناکیسزکی تعداد 1408 ہوگئی، پنجاب سرفہرست

لاہور:ملک بھر میں کورونا وائرس کے مزید 39 کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 1408 ہوگئی۔ پنجاب میں پہلی بار کورونا کے مریضوں کی تعداد سندھ سے بڑھ گئی، گزشتہ روز پنجاب میں مریضوں کی تعداد بڑھ کر 490 ہوگئی۔
پنجاب میں 490، سندھ میں 457، خیبر پختونخوا میں 180، بلوچستان میں 133، گلگت بلتستان میں 107، اسلام آباد میں 39 اور آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے 2 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ملک بھر میں اب تک کرونا وائرس سے 11 افراد جاں بحق، 25 مریض صحت یاب ہوگئے جبکہ 7 کی حالت تشویشناک ہے۔
پنجاب
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ٹویٹ کے مطابق پنجاب میں مریضوں کی تعداد 490 ہوگئی ہے جبکہ فیصل آباد میں 22 سالہ نوجوان کی ہلاکت سے مرنے والوں کی تعداد 5 ہوگئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈی جی خان قرنطینہ میں 207، ملتان 46، لاہور 115، گجرات 48، گوجرانوالہ، جہلم 19، راولپنڈی 14، ملتان 3، فیصل آباد 10، ڈی جی خان 5، منڈی بہاؤالدین 3، سرگودھا 2، ننکانہ 2، میانوالی 2، نارووال، اٹک، بہاولنگر، خوشاب اور رحیم یارخان میں ایک ایک مریض موجود ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے قائم کابینہ کمیٹی میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب بھر میں جنرل سٹورز اور کریانہ کی دکانیں رات 8 بجے بند ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ جنرل سٹورز اور کریانہ کی دکانیں صبح 8 سے رات 8 بجے تک کھلی رہیں گی، صرف میڈیکل سٹورز چوبیس گھنٹے کھلے رکھنے کی اجازت ہوگی، کسی کو خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
سندھ
سندھ میں کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 457 تک پہنچ گئی۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبہ بھر میں لاک ڈاؤن میں مزید سختی کا فیصلہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ دکانیں صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک کھلی رہیں گی، کیونکہ کورونا وائرس کیسز کی مقامی ٹرانسمیشن مجموعی کیسز کا 10 فیصد ہوگئی ہے لہذا یہ ایک خطرناک رجحان ہے۔ اس لئے کریانہ کی دکانوں اور سٹور کھولنے کے اوقات میں آج سے تین گھنٹوں تک کمی کر رہے ہیں۔
خیبر پختونخوا
خیبر پختونخوا میں کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 180 ہوگئی۔ کورونا کا مریض سامنے آنے کے بعد لوئر دیر کا علاقہ تالاش زیارت سیل کر دیا گیا، پورے گاؤں کو قرنطینہ قرار دے دیا گیا جبکہ ہر گلی کے باہر پولیس اہلکار تعینات کر دیئے گئے۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا میں 231 سکولوں کو قرنطینہ سنٹرز میں تبدیل کر دیا گیا۔ محکمہ صحت ضرورت کے وقت سکولوں کو استعمال کرسکے گا۔ صوبائی محکمہ تعلیم کے مطابق خیبر پختونخوا کے 35 اضلاع میں مختلف لڑکوں اور لڑکیوں کے 231 سکولوں کو قرنطینہ مراکز میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔
محکمہ تعلیم کی رپورٹ کے مطابق 133 لڑکوں اور 98 لڑکیوں کے سکول قرنطینہ میں تبدیل کیے گئے، سب سے زیادہ چارسدہ میں 28 لڑکوں کے سکول قرنطینہ میں تبدیل کیے گئے ہیں۔ صوابی میں 25 گرلز، دیر لوئر میں 31 اور مہمند میں 15 گرلز سکول قرنطینہ کے لئے استعمال کیے جائیں گے۔ رپورٹ کے مطابق محکمہ صحت سکولوں کو بوقت ضرورت استعمال کرسکے گا۔
خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ محمود خان نے امدادی پیکیج کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق مزدور اور غریب طبقے کو تین ماہ کے لیے ماہانہ 5 ہزار روپے امداد دی جائیگی، پیکیج پر 11 ارب 40 کروڑ روپے لاگت آئے گی، احساس پروگرام کے تحت رقم دی جائیگی۔
اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مزید 12 کیسز سامنے آنے سے مجموعی کیسز کی تعداد 39 ہوگئی ہے۔ شہزاد ٹاؤن اور رمشا کالونی کو سیل کر دیا گیا۔ سرائے عالمگیر میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوگئی، جس کے بعد پورے گاؤں کو سیل کر دیا گیا۔
بلوچستان
بلوچستان کے محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں مزید 12 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد مصدقہ کیسز کی تعداد 133 ہوگئی ہے۔
گلگت بلتستان/ آزاد کشمیر
گلگت بلتستان میں بھی 10 نئے کیسز مثبت آئے ہیں۔ جس سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 107 ہو گئی ہے۔ مشیر اطلاعات نے بتایا کہ نئے تمام 7 مریضوں کا تعلق ضلع سکردو سے ہے۔
میرپور آزاد کشمیر ایک اور مریض میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد آزاد کشمیرمیں کورونا مریضوں کی تعداد 2 ہوگئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں