جوبائیڈن کی بہت سی ترجیحات عمران خان کی ترجیحات میں شامل ہیں، شاہ محمود قریشی
ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن کی بہت سی ترجیحات وزیراعظم کی ترجیحات میں شامل ہیں،افغانستان میں امن واستحکام میں ہماراکردار ہے،پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پیشرفت کی،پاکستان نے دہشتگردوں کیخلاف کارروائیاں کیں،پاکستان کے علاقوں کودہشتگردوں سے پاک کیا، پاکستان ایف اے ٹی ایف کی گر ے لسٹ میں (ن) لیگ کی حکومت میں شامل ہوا ہماری حکوت نے منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت کو چیک کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں، امریکی وزیر خارجہ سے اچھی گفتگو ہوئی مشترکہ مفادات کیلئے آگے بڑھیں گے،ہماری خواہش ہے کہ خطے میں امن اوراستحکام ہو،ہم چاہتے ہیں افغانستان میں خوشحالی ہو۔ملتان میں پریس کانفر نس سے خطاب کرتے ہوئے نئے امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ انٹونی جے بلنکن سے ہونے والی ٹیلیفونک گفتگو کے حوالے سے وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکی وزیرخارجہ سے مختلف امورپربات چیت ہوئی،امریکی ہم منصب کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی، ٹونی بلنکن کام میں ماہر اورخطے کو اچھے سے سمجھتے ہیں،باہمی تعلقات میں بہت سی چیزوں میں پیشرفت کرسکتے ہیں۔ ہم نے فیصلہ کیا ہے آنے دنوں میں مزید گفتگو کے ذریعے مشترکہ خواہشات اور مفادات کو دنظر رکھتے ہوئے آگے بڑھیں گے میں نے ان سے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ اس خطے میں امن و استحکام ہو اور ہماری ترجیح ہے کہ پاکستان کی معاشی مشکلات پر ہم غلبہ پائیں، اس ملک میں خوشحالی ہو، اس ملک میں سرمایہ کاری ہو۔


