طالبان کے ساتھ جھڑپ میں افغان فوج کا کمانڈر ہلاک، متعدد اہلکار زخمی
کابل: طالبان کے ساتھ جھڑپ میں افغان فوج کا کمانڈر ذبیح اللہ غیور ہلاک اور متعدد اہلکار زخمی ہوگئے۔ افغان میڈیا کے مطابق فوج کی ایک چھاپہ مار ٹیم طالبان جنگجووں کے خلاف سرچ آپریشن کے لیے صوبے اورزگان گئی تھی جہاں پہلے سے تیار جنگجووں نے فوجی گاڑیوں کو چاروں طرف سے گھیر کر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ جنگجووں کی فائرنگ سے افغان فوج کا کمانڈر موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جب کہ متعدد اہلکار زخمی ہوگئے۔ افغان فوج نے بڑی مشکل سے بھاگ کر اپنی جانیں بچائیں۔ علاقے میں افغان فوج کی مزید نفری کو تعینات کردیا گیا ہے۔ افغانستان میں طالبان اور سیکیورٹی اداروں کے درمیان جھڑپوں کے سلسلے میں تیزی آگئی ہے، امریکا اور طالبان افغانستان میں امن کی خراب صورت حال کا الزام ایک دوسرے پر عائد کرتے آئے ہیں۔ امریکا کا کہنا ہے کہ طالبان افغانستان میں تشدد میں کمی لانے کے اپنے وعدے سے انحراف کررہے ہیں جب کہ طالبان نے الزام عائد کیا ہے کہ امریکا معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شہریوں پر بمباری کر رہا ہے۔


