مولانا عبدالحق کے گھر پرغیر قانونی چھاپہ ناقابل برداشت، تمام افراد کو فی الفور بازیاب کرایا جائے، جماعت اسلامی

کوئٹہ (آن لائن)جماعت اسلامی بلوچستان کے صوبائی بیان میں کہاگیاہے ہم شدید غم و غصے کے ساتھ ریاستی جبر، انسانی حقوق کی پامالی اور غیر جمہوری ہتھکنڈوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں گزشتہ رات مولانا عبد الحق بلوچ رحمہ اللہ کے گھر پر ریاستی اداروں کے غیر قانونی اور وحشیانہ چھاپے میں ان کی عزت و توقیر کو روند ڈالا گیاان کی اہلیہ محترمہ کے ساتھ شرمناک بدتمیزی کی گئی اور ان کے معصوم فرزندوں کو جبرا اغوا کر لیا گیایہ ظلم و استبداد ناقابلِ برداشت ہے اور ہم اسے یکسر مسترد کرتے ہیں۔صوبائی بیان میں کہاگیاہے کہ ریاستی جبر اور ظلم کے ذریعے بلوچستان کے عوام کی جمہوری جدوجہد کو دبانے کی ناکام کوشش کی جا رہی ہی مگر تاریخ گواہ ہے کہ ظلم اور جبر سے کبھی کسی قوم کو جھکایا نہیں جا سکاریاستی ادارے طاقت کے نشے میں یہ بھول رہے ہیں کہ ظلم جب حد سے بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے۔ہم حکومتِ وقت اور مقتدر حلقوں کو خبردار کرتے ہیں کہ اس ظلم و زیادتی کا فوری خاتمہ نہ کیا گیا تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے، جن کی تمام تر ذمہ داری ریاست پر عائد ہوگی ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ مولانا عبد الحق بلوچ کے گھر پر حملے میں ملوث عناصر کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔جبرا لاپتہ کیے گئے تمام افراد کو فی الفور بازیاب کرایا جائے۔خواتین کے ساتھ کی گئی بدسلوکی میں ملوث عناصر کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے۔بلوچستان کے عوام کے جمہوری آئینی اور انسانی حقوق کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔ہم واضح کرتے ہیں کہ بلوچستان کے عوام نہ پہلے ظلم کے سامنے جھکے تھے،نہ اب جھکیں گے۔ پائیدار امن طاقت کے وحشیانہ استعمال سے نہیں بلکہ عدل و انصاف، مذاکرات اور عوام کو ان کے حقوق کی فراہمی سے ممکن ہے۔ لہذا ریاست فوری طور پر طاقت کا راستہ ترک کر کے بلوچستان میں حقیقی امن و استحکام کے قیام کے لیے سنجیدہ مذاکرات کا آغاز کرے۔